کراچی (وقائع نگار)گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العبادخان نے کہا ہے کہ پاکستان اور ایران کے مابین نہایت قریبی تعلقات ہیں جن میں وقت گزرنے کے ساتھ اضافہ ہو رہا ہے اور یہ مزید مستحکم ہورہے ہیں، دونوں ممالک اسلامی اخوت اور بھائی چارے کے اٹوٹ رشتہ میں بندھے ہوئے ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنر ہائوس میں ایران کے سفیر مہدی ہنر دوست سے ملاقات کے دوران کیا ۔ گورنر سندھ نے کہا کہ اسلام آباد اور تہران کے مابین باہمی تعاون کئی شعبوں پر مشتمل ہے اور اس کے باعث دونوں ممالک اقتصادی میدان میں ترقی کررہے ہیں۔ گورنر سندھ نے کہا کہ پاکستان اور ایران مسلم امہ کے اہم ممالک ہیں اور ان کا مسلم امہ کے اتحاد کے ضمن میں بھی اہم کردار ہے ، دونوں ممالک تعاون بڑھاکر ایشیاء اور عالمی سطح پر مزید موئثر کردار ادا کر سکتے ہیں ۔گورنر سندھ نے کہا کہ پاکستان اور ایران کے درمیان اقتصادی تعاون کو مزید بڑھانے کی ضرورت ہے تاکہ دونوں ممالک ایک دوسرے کے تجربات سے بھرپور فائدہ اٹھاکر مزید ترقی و خوشحالی کی منزل حاصل کرسکیں۔گورنر سندھ نے خصوصاً صحت اور تعلیم کے شعبوں میں وفود کے مسلسل تبادلے کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ جگر کی پیوند کاری کے شعبہ میں ایرانی طبی ماہرین کا خیر مقدم کیا جائے گا ۔ گورنر سندھ نے کہا کہ ممالک کے درمیان بہتر اور مضبوط تعلقات سفارتی اور اقتصادی شعبوں کے علاوہ عوام کے مابین ہر شعبہ میں تعاون اور ایک دوسرے سے رابطے بڑھانے سے ہی مضبوط تر کئے جاسکتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ پاک ایران تعلقات تاریخی ہیں ، پاکستان اپنے محل وقوع کے باعث نہایت اہمیت کا حامل ہے اور اس نے ہمیشہ برادر اسلامی ممالک کے درمیان تنازعات کے بر وقت اورجلد از جلد حل کے لئے اپنا موئثر کردار اد ا کیا ہے۔ ایران کے سفیر مہدی ہنر دوست نے وفود کے تبادلوں کی تجویز کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ اس سلسلہ میں متعلقہ وزاتوں سے جلد رابطہ کریں گے ۔ انہوں نے گورنر سندھ کو ایران کے دورے کی دعوت بھی دی ۔ کراچی میں ایران کے قونصل جنرل مہدی شعبانی، ڈپٹی قونصل جنرل محمد رضا صحرائی اور مصطفی رضا ئی زادے بھی ملاقات میں شریک تھے۔