عرض ہے کہ سپاہی سے انسپکٹر جنرل پولیس تک سبھی کرائم فائٹر ہیں ۔ پولیس کی بنیاد ہی اس پر ہے کہ جرائم کے خلاف سینہ سپر رہے۔ قانون کی حکمرانی کو یقینی بنائے‘ جرائم کی بیخ کنی کرتے کرتے سینکڑوں پولیس افسران جوان جان کی بازی لگا گئے ۔ جرائم پیشہ افراد موت کے گھاٹ اترتے ہی حرف غلط کی طرح مٹ جاتے ہیں ۔ لیکن شہریوں کی جان و مال عزت آبرو کی حفاظت کی خاطر اپنی جان نچھاور کرنیوالے ہمیشہ کیلئے امر ہو جاتے ہیں۔ شعر دیکھیئے۔
جب تک جلیں دیپ شہیدوں کے لہو سے
کہتے ہیں کہ جنت میں چراغاں نہیں ہوتا
ڈی ایس پی سی آئی اے عمران عباس چدھڑ کے قریب سے کئی بار گولیاں سلامی دیتے ہوئے گزر گئیں ۔ پہلوانوں کے شہر میں ایک عرضہ سے شہریوں کو چوروں ‘ ڈاکوئوں سے محفوظ رکھنے کیلئے جان ہتھیلی پر رکھ کر ڈیوٹی سرانجام دینے والے سپوت عمران عباس چدھڑ کے نام کے ساتھ لفظ کرائم فائٹر جڑ کر رہ گیا ہے جب بھی کرائم فائٹر کا لفظ گونجے ذہن و قلب کے کینوس پر عمران عباس چدھڑ کا نام جگمگ کرتا ہے ۔ کرائم فائٹر کے کارہائے نمایاں کی فہرست طویل ہے سابق صوبائی وزیر رانا شمشاد احمد خاں کا اندھا قتل اس نے ٹریس کیا۔ پارے شاہ مذہبی رہنما کا قتل بھی عمران نے ورک آئوٹ کیا۔ اسلحہ کی کھیپ پکڑ کر دہشت گردوں کے ارادے خاک میں ملا دیئے ۔ جہاں تک جرم کا تعلق ہے ہر دور میں ہوتا رہا ہے۔ زمانہ کے ساتھ اس کی شکلیں بدل جاتی ہیں ۔ رسول کریمؓ کی بعثت سے پہلے لوگ اپنی بیٹیوں کو زندہ دفن کر دیتے۔ اﷲ کے آخری نبیؐ نے اپنی پیاری بیٹی حضرت فاطمہ سے بے پناہ محبت کر کے لوگوں کو عملاًسمجھایا کہ بیٹی رحمت ہوتی ہے ۔ سابق سٹی پولیس آفیسر وقاص نذیر نے گوجرانوالہ میں سی آئی اے کو جدید خطوط پر استوار کیا ہے ۔ ملزمان کو ٹریس آئوٹ کرنے کیلئے تکنیکی ماہر پولیس افسران کو تعینات کیا۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ پولیس افسران و جوانوں کو جرائم کے انسداد اور سراغ برآری کیلئے آئی ٹی کے جدید کورسز کروائے جائیں تاکہ چالاک مجرموں دہشت گردوں کو کیفر کردار تک پہنچانے میں آسانی ہو سکے ۔
جب سے انسان نے دنیا میں آنکھ کھولی ہے۔ جرائم کا آغاز بھی ہو گیا ۔ ابتداء ہی کی بات ہے کہ سگے بھائی نے بھائی کو قتل کر دیا۔ آج تک جرم کی وجہ زن ‘زر‘ زمین ہی سامنے آئی ہے ۔ پہلوانوں کے شہر میں خوش آئند امر یہ ہے کہ یہاں جرائم کا گراف کم سے کم ہوتا جا رہا ہے ۔ اس کے پیچھے ایس ایس پی محمد ندیم کھوکھر اور کرائم فائٹر عمران عباس چدھڑ کی موثر حکمت عملی ہے ۔ سی آئی اے کا کردار مثالی رہا ہے‘ یہاں یہ عالم تھا کہ کے پی کے صوبہ کے ڈکیت ٹرکوں کے ٹرک ہی غائب کر دیتے ۔ مویشی سمیت قیمتی اشیاء لئے ٹرک گوجرانوالہ کی حدود سے یوں غائب کئے جاتے جیسے گدھے کے سر سے سینگ ۔ لاکھوں کروڑوں کا مال لوٹ لیا جاتا ‘شہریوں نے اس لوٹ مار پر کئی بار تشویش کا اظہار کیا ۔ ٹرکوں کی وارداتوں کے تدارک کیلئے مایہ ناز کرائم فائٹر عمران عباس چدھڑ کو ٹاسک دیا گیا۔ ڈی ایس پی عمران عباس چدھڑ بڑی سے بڑی واردات ٹریس اوٹ کرنے میں دیر نہیں کرتے ۔ عمران عباس نے اپنے عملہ سے کہہ رکھا ہے گوجرانوالہ کی حدود میں جہاں بھی جرم ہو فوری اس بارے غوروخوض کرو اور اسے ٹریس آئوٹ کرنے کیلئے ہر ممکن کوشش کیجئے ۔ یہی وجہ ہے کہ آج گوجرانوالہ کی حدود میں KPK کے ملزمان واردات کرنے سے پہلے سو بار سوچتے ہیں بلکہ واردات بارے سوچنا ہی بند کر دیا ہے ۔ آفتاب عرف چن پیر عرف صفایا گینگ کے پانچ ملزمان سی آئی اے نے پکڑے ‘جنہوں نے امتیاز مارکیٹ کنگ مال میں 95 لاکھ کی واردات کی ۔ جنوری کی یخ بستہ سردی میں ملزمان ٹرک پر آئے اور امتیاز مارکیٹ میں مزدوروں اور مینجر کو یرغمال بنا لیا۔ پھر کیا تھا گودام میں موجود ہوزری ‘سپورٹس ‘کاسمیٹکس و دیگر قیمتی سامان ٹرک میں لوڈ کر کے فرار ہو گئے ۔ سی آئی اے نے عمران عباس چدھڑ کی نگرانی میں کمال کر دکھایا اور اتنی بڑی واردات ٹریس آئوٹ کر لی ۔شہریوں نے سی آئی اے کی ٹیم کو سراہا اور خراج پیش کیا۔ سی آئی اے کی شاندار کارکردگی کی جھلک ۔ تھوڑا عرصہ میں 40 گینگ قابو کر کے کروڑوں کا مال برآمد کیا جا چکا ہے ۔ جرائم کی بیخ کنی کا سلسلہ رکا نہیں تھما نہیں ۔ سی آئی نے اسلحہ کی بھاری کھیپ بھی پکڑی ۔ کروڑوں مالیت کی منشیات بھی برآمد کر لی ہے ۔ ایس ایس پی محمد ندیم کھوکھر جو ایک پروفیشنل پولیس آفیسر ہیں کی زیر نگرانی و ہدایت کرائم فائٹر کامیابی و کامرانی کے زینے طے کرتا جا رہا ہے ۔ بین الصوبائی پٹھان گینگ بھی سی آئی اے ہی نے ٹریس آئوٹ کیا۔ 8 کروڑ روپے کا چمڑا اور 32 لاکھ روپے برآمد کئے ۔ کاروباری حلقوں نے اس شاندار کارکردگی پر زبردست خراج تحسین پیش کیا۔ دوران تفتیش انکشافات دیکھے ‘قیمتی سامان کی فارورڈنگ کے دوران خطرناک ملزمان اسلحہ لے آتے ٹرکوں سے سامان نکال کر اپنے ٹرک میں لوڈ کر کے فرار ہو جاتے ۔ ملزمان نے مریدکے سے چمڑے کابھرا ٹرک چھین لیا۔کراچی سے شیمپو سے بھرا ٹرک چھین لیا۔ تھانہ صدر گوجرانوالہ کے علاقہ سے چمڑے کا بھرا ٹرک چھینا‘فیصل آباد میں لاکھوں کی وارداتیں کیں ۔ ایک اطلاع کے مطابق پٹھان گروپ گوجرانوالہ کی حدود میں واردات نہیں کرتا بلکہ توبہ توبہ کرتا ہے ۔ کرائم فائٹر عمران عباس چدھڑ کی سائنٹفک انداز میں تفتیش و تحقیق کے نتیجہ میں بائی پاس ایریا عالم چوک ‘چندا قلعہ ‘سیالکوٹ بائیپاس ‘نواب چوک ‘علی پور چٹھہ چوک ‘اور اہم شاہرات پر ٹرک دن رات سامان لیجاتے ہیں ۔ بے خوف ہو کر جہاں جی چاہے روک کر کھانا بھی کھاتے ہیں ۔ چڑے بٹیرے حلق سے اتار لیتے ہیں اور چل دیتے ہیں ۔ انہیں پتہ ہے اس نگری میں ڈکیتی کی واردات نہیں ہوتی ۔ عمران عباس چدھڑ کو اس شاندار کارکردگی پر سراہنے کی کوشش کی تو انہوں نے کہا یہ اﷲ کا خاص کرم ہے کامیابی و کامرانی قدم چومتی ہے ۔ اس میں میرا کمال نہیں بلکہ جرائم کی روک تھام کرنا ہماری ڈیوٹی ہے ۔عوام سے اپیل ہے کہ وہ جرائم کی روک تھام کیلئے پولیس سے بھرپور تعاون کریں اس طرح جرائم پیشہ افراد کی حوصلہ شکنی ہو گی۔
کرائم فائٹر عمران عباس چدھڑ
Apr 28, 2017