افغان شہری ہونے کا الزام‘ فاٹا کے 2 رکن قومی اسمبلی کے خلاف درخواست پر نوٹس جاری

Apr 28, 2017

اسلام آباد (وقائع نگار) اسلام آباد ہائیکورٹ نے فاٹا سے منتخب ہونے والے رکن قومی اسمبلی بسم اللہ جان اور سینیٹر حیات اللہ جان کو افغان شہری ہونے کے باعث بطور پارلیمنٹیرینز نااہل اور پاکستانی شہریت منسوخ کرنے کی درخواست پر دونوں پارلیمنٹیرینز ‘ چیئرمین‘ نادرا‘ سیکرٹری سیفران اور انٹیلی جنس بیورو سمیت تمام فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا ہے۔ نثارالحق کی درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا تھا تھا کہ رکن قومی اسمبلی بسم اللہ جان اور سینیٹر حیات اللہ جان افغان شہریت رکھتے ہیں اس لئے وہ آئین پاکستان کے تحت پارلیمنٹ کے رکن بننے کے اہل نہیں ہیں۔ درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ دونوں نے اپنی افغان شہریت چھپائی‘ جھوٹ بولا‘ صادق اور امین نہیں رہے۔ درخواست کے ساتھ دونوں کی افغان شہریت سے متعلق دستاویزات بھی عدالت میں پیش کی گئی ہیں۔ عدالت سے دونوں پارلیمنٹیرینز کی رکنیت ختم اور پاکستانی شہریت منسوخ کرنے کی استدعا کی گئی ہے۔

مزیدخبریں