اسلام آباد (نمائندہ خصوصی+ آن لائن+ نوائے وقت رپورٹ) وزیراعظم محمد نواز شریف سے مری میں سٹیل کے معروف بھارتی کاروباری شخصیت سجن جندال نے ملاقات کی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ سجن جندال گزشتہ شب ایک خصوصی طیارے میں اسلام آباد پہنچے تو ان کے ہمراہ دو دیگر افراد بھی تھے۔ وزیراعظم بھی ایک روز قبل مری چلے گئے تھے۔ ذرائع ابلاغ پر سجن جندال کے ساتھ آنے والے دیگر دو افراد سوکیت سنگال اور وریندر ببر سنگھ بتائے گئے ہیں۔ یہ افراد کابل سے خصوصی طیارے میں آئے، جہاں سے کاروں میں مری گئے جہاں وزیراعظم ان کے منتظر تھے۔ ذرائع ابلاغ پر خبر نشر ہونے کے بعد وزیراعظم کی صاحبزادی مریم نواز کا ایک ٹوئٹ سامنے آیا جس میں مریم نواز شریف نے ملاقات کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ مسٹر جندال وزیراعظم کے پرانے دوست ہیں۔ اس ملاقات کے بارے میں کچھ خفیہ نہیں اور اس بارے میں قیاس آرائیاں نہ کی جائیں۔ مسٹر جندال بھارت کے سٹیل آئیکون سمجھے جاتے ہیں۔ وزیراعظم محمد نواز شریف جب مئی 2014ءمیں بھارتی وزیراعظم کی تقریب حلف وفاداری میں شرکت کیلئے نئی دہلی گئے تھے تو اس وقت بھی ان کے مسٹر جندال سے ان کے گھر میں ملاقات کی خبر سامنے آئی تھی جبکہ وزیراعظم کے دورہ ڈیووس میں بھی وزیراعظم اور مسٹر جندال کے درمیان ملاقات کی خبریں میڈیا کی زینت بنی تھیں۔ دریں اثناءتحریک انصاف نے وزیراعظم کے بھارتیوں کیساتھ کاروباری تعلقات کو پارلیمنٹ میں اٹھانے کا فیصلہ کر لیا۔ ترجمان تحریک انصاف فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ وزیراعظم کے بھارتیوں سے تعلقات پر وضاحت نہ مانگی تو سنگین نقصان کا اندیشہ ہے۔ فواد چوہدری کا مزید کہنا تھاکہ ڈان لیکس کی رپورٹ اور جندال کی آمد کے وقت میں موافقت اتفاقی دکھائی نہیں دیتی۔ اطلاعات کے مطابق جندال مودی کا خصوصی پیغام لیکر آئے۔ خصوصی نامہ نگار کے مطابق تحریک انصاف نے وزیراعظم نواز شریف سے بھارتی وزیراعظم کے قریبی ساتھی سجن جندال کی خفیہ ملاقات پر پنجاب اسمبلی میں قرارداد جمع کرا دی، قرار داد اپوزیشن لیڈر میاں محمود الرشید نے جمع کرائی، ملاقات ایسے وقت میں کی گئی جب کشمیر میں بھارت نے نہتے کشمیریوں پر ظلم کی انتہا کر رکھی ہے، کلبھوشن یا دیو کو فوجی عدالتوں نے سزائے موت سنا رکھی ہے، اور کنٹرول لائن پر بھارتی فوجی کی جانب سے آئے روز بلا اشتعال فائرنگ کی جا رہی ہے، ایسے میں مودی کے قریبی دوستوں کی وزیراعظم سے خفیہ ملاقات سے قوم میں سخت بے چینی پائی جا رہی ہے۔ وزیر مملکت برائے اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ جندال کی وزیراعظم سے ملاقات کے واقعے کو رپورٹ کرنے کی بجائے غلط طرح سے میڈیا پر پیش کیا جا رہا ہے۔ گذشتہ روز کی ملاقات دو دوستوں کے درمیان تھی۔ لوگوں نے وزیراعظم کو ووٹ دے کر منتخب کیا۔ وزیراعظم کو اپنی ملاقات چھپانے کی کوئی ضرورت نہیں۔ دوستیاں سرحدوں کی پابند نہیں ہوتیں۔ بیک چینل سفارتکاری خود سے تخلیق کر دینا زیادتی ہے۔ یہ پرانے دوستوں کے درمیان ذاتی نوعیت کی ملاقات تھی۔
مریم نوازٹویٹ