کراچی(نیوز رپورٹر)وفاقی اردو یونیورسٹی،شعبہ بین الاقوامی تعلقات کے تحت ’’مشرق وسطیٰ کا بحران‘‘ کے موضوع پر چیئرپرسن پاکستان پیپلز پارٹی (شہید بھٹو) غنویٰ بھٹو کے لیکچر کا اہتمام کیا گیا۔ محترمہ غنویٰ بھٹو نے اپنے لیکچر میں کہا کہ مشرق وسطیٰ کے بحران کی ایک بڑی وجہ عرب اشرافیہ بھی ہے جس نے سعودی، قطری اور اماراتی مفادات کا تحفظ کیا۔ مشرق وسطیٰ میں مسئلہ شیعہ سنی یا یہودی مسلمان کا نہیں بلکہ امیر اور غریب کا ہے، وہاں کا مسئلہ استحصالی اور استحصال زدہ قوتوں کا ہے۔ انہوں نے یمن کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یمن کے مسائل اور وہاں جنگ کی صورتحال کے حوالے سے میڈیا صحیح منظر کشی نہیں کرتا۔ انہوں نے شام کے حوالے سے بھی میڈیا کے کردار پر افسوس کا اظہار کیا۔ اس کے علاوہ انہوں نے لبنان اور مشرق وسطیٰ کی تاریخی حیثیت پر تفصیل سے روشنی ڈالی۔ اس تقریب میں طلباء و طالبات کی کثیر تعداد کے علاوہ شعبہ بین الاقوامی تعلقات کے اساتذہ ڈاکٹر فیصل جاوید، افشاں بروہی، ڈاکٹر عارف خان اور شاہنواز محمد خان، شعبہ اردو سے ڈاکٹر یاسمین سلطانہ، صدر شعبہ نفسیات پروفیسر شاہین قادری، صدر شعبہ تعلیم اساتذہ ڈاکٹر سیدہ تسنیم فاطمہ، شعبہ جغرافیہ سے پروفیسر شازیہ ناز عروج نے بھی شرکت کی۔ لیکچر کے اختتام پر محترمہ غنویٰ بھٹو کو گلدستہ اور اجرک پیش کی گئی۔
مشرق وسطیٰ بحران کی وجہ عرب اشرافیہ ہے، غنویٰ بھٹو
Apr 28, 2018