لاہور (این این آئی) وزیراعظم کے پرنسپل سیکرٹری فواد حسن فواد آشیانہ ہاﺅسنگ سکینڈل کی تحقیقات کے سلسلہ میں نیب کے سامنے پیش ہو گئے۔ ذرائع کے مطابق نیب کی مشترکہ تفتیشی ٹیم نے فواد حسن فواد سے ایک گھنٹے تک پوچھ گچھ کی۔ تفتیش کے دوران فواد حسن فواد نے کئی دستاویزات پیش کیں۔ نیب کی ٹیم نے آشیانہ ہاﺅسنگ سکیم سکینڈل میں گرفتار ملزمان سے حاصل ہونے والی معلومات کی روشنی میں فواد حسن فواد سے سوالات پوچھے۔ نیب ٹیم نے سوال نامہ کے جوابات طلب کرتے ہوئے بیان بھی ریکارڈ کیا۔ نیب عدالت نے سکینڈل کے 2 ملزموں سابق چیف ایجنٹ ریکوری رائے امداد سعید اور عارف بٹ کے جسمانی ریمانڈ میں 17 دنوں کی توسیع کر دی۔ نیب عدالت نے پارکنگ کمپنی میں کروڑوں کی بے ضابطگیوں میں ملوث 5 ملزمان کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔ ادھر چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال نے کہا ہے کہ نیب پیشہ ورانہ کارکردگی شفافیت، میرٹ اور قانون پر بلا امتیاز عملدرآمد کے ذریعے ملک سے ہر قسم کی بد عنوانی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کےلئے تمام وسائل بروئے کار لا رہا ہے، ادارہ جاتی احتساب کا نظام وضع کر کے اب تک 85 افسران کو سزائیں دی گئی ہیںجن میں سے 23 افسران کو ملازمت سے برخاست کردیا گیا ہے، 34 افسروں کو نرم سزائیں دی گئیں۔ بدعنوان عناصر کو گرفتار، لوٹی گئی رقم بر آمد کرکے قومی خزانے میں جمع کرانے کی پالیسی جاری رکھی جائیگی، نیب کی پریوینشن کمیٹی کی حج انتظامات کو بہتر بنانے، حاجیوں کے مسائل کے حل کےلئے تیار کی گئی سفارشات پر وزارت مذہبی امور نے عملدرآمد کیا ہے۔ جمعہ کو نیب ہیڈکوارٹر میں نیب کی مجموعی کارکردگی سے متعلق جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال نے کہاکہ نیب کی انسداد بدعنوانی کی حکمت عملی کے موثر نتائج آئے ہیں‘ ۔ انہوں نے کہاکہ نیب کو 2018ءمیں اسی عرصے کے دوران 2017ءکے مقابلے میں دوگنا شکایات موصول ہوئیں‘ گزشتہ سال کے اعداد و شمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ نیب افسران بدعنوانی کے خاتمے کو قومی فرض سمجھ کر ادا کررہے ہیں۔ کوئی بھی فرد نیب میں مقدمات کی تحقیقات پر اثرانداز نہیں ہوسکتا
چیئرمین نیب
آشیانہ سکینڈل : فواد حسن نیب پیش‘ ایک گھنٹہ تفتیش بدعنوانی پر 23 افسر برطرف کئے گئے : چیئرمین
Apr 28, 2018