کوئٹہ (نمائندہ نوائے وقت)گورنر بلوچستان محمد خان اچکزئی نے کہا ہے کہ خطے میں بدلتی ہوئی معاشی و سیاسی صورتحال اور نئی پیش رفت سے پیدا ہونے والے چیلنجز کا سامنا کرنے اور نئے دستیاب مواقعوںسے بھر پور استفادہ کرنے کیلئے بنیادی ڈھانچہ کی ترقی اور بنیادی عوامی ضرورتوں پر بھر پور توجہ مرکوز رکھنا ہوگی ۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک کے پیش نظر اپنی ترجیحات کا تعین ، مستقبل کی ضروریات کو مد نظر رکھ کرہی جامع حکمت عملی و اضح کرنے کے قابل ہوسکتے ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کے روز گورنر ہاؤس کوئٹہ میں بلوچستان کے مطالعاتی دورے پر آئے ہوئے نم پشاور کے زیرتربیت آفیسران سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ زیر تربیت آفیسران نے بلوچستان میں امن و امان کی صورتحال ، صوبہ کے تاریخی پس منظر، اعلیٰ تعلیمی اداروںکی صورتحال ا ور صوبے میں جاری ترقیاتی منصوبوں سے متعلق کئی سوالات کئے جنکیگورنر نے تفصیلی جواب دیئے ۔ نم پشاور کے آفیسران سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر نے کہا کہ صوبے میں پانی کی گرتی ہوئی سطح سے حالات سنگین ہوتے جارہے ہیں صوبے میں امن و امان کی صورتحال کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں گورنر نے کہا کہ ملک و صوبے میں پائیدار امن قائم کرنے کیلئے پاک فوج اور دیگر اداروں نے قربانیاں دی ہیں دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خاتمے کیلئے اب بھی کوششیں جار ہیں انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں اور دہشت گردی کے مکمل خاتمے کیلئے ہمیں مزید اقدامات اٹھانے ہونگے ۔
گورنر بلو چستان