پنجاب بھر میں میڈیکل سٹور، فارمیسیز دوسرے روز بھی بند، مریض ادویات کیلئے خوار

Apr 28, 2018

ٹوبہ ٹیک سنگھ+ نارووال+ ساہیوال (نمائندہ خصوصی+ نامہ نگاران+ نمائندہ نوائے وقت) ڈسٹری بیوٹر ایسوسی ایشن کے صدر میاں محمد عامر حنیف نے کہا کہ پنجاب ڈرگ ایکٹ میں تجاویز تسلیم نہیں کرتے، پنجاب ڈرگ ایکٹ 2017 جی شیڈول کے تحت بلا وجہ لائسنس ہولڈرز کو سیل کرنا سراسر ظلم ہے جس پر شہر کے تمام میڈکل سٹوروں ،فارمیسیز دوسرے روز بھی بند ہیں، پنجاب ڈرگ ایکٹ کیخلاف ٹوبہ ٹیک سنگھ سمیت پنجاب بھر میں میڈیکل سٹورز کی ہڑتال کا دوسرا دن زندگی بچانے والی ادویات نہ ملنے پر لواحقین پریشان تشویش ناک امراض میں مبتلا افراد کی زندگیوں کو خطرات لاحق، شوگر ،ہیپاٹائٹس،گردے کے امراض،کینسر سمیت دیگر موذی امراض میں مبتلا مریضوں کے لواحقین ادویات حاصل کرنے کے لیے مارے مارے پھر نے لگے، زندگی بچا نے والی ادویات نہ ملنے پر مریضوں کے لواحقین کی سٹورز مالکان اور پنجاب حکومت کو بد دعائیں۔ ٹوبہ ٹیک سنگھ سے نامہ نگار کے مطابق ڈرگ ایکٹ 2017اور پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن کے غیر قانونی نارواسلوک کے خلاف ضلع بھر میں میڈیکل سٹورز مالکان نے دوسرے روز بھی مکمل شٹر ڈائون ہڑتال کی جبکہ پاکستان کیمسٹ اینڈ ڈرگسٹ ایسوسی ایشن کا اجلاس ضلعی صدر میاں عمران منظور کی زیر صدارت منعقد ہوا، جس میں ایسوسی ایشن کے عہدیداروں سمیت کیمسٹوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی ،اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے میاں عمران منظور نے کہا کہ اگر پنجاب حکومت نے فوری طور پر کیمسٹوں کے مطالبات تسلیم نہ کئے تو آئندہ عام انتخابات میں پنجاب کے لاکھوں کیمسٹ اور ان کے ساتھ وابستہ ان کے خاندان کے لوگ ن لیگ کو ہر گز ووٹ نہیں دیں گے ،اور ن لیگی امیدواروں کی بھر پور مخالفت کی جائے گی۔ نارووال سے نامہ نگار کے مطابق پنجاب بھر کی طرح ضلع نارووال میں بھی اپنے مطالبات کے حق میں میڈیکل ایسوسی ایشن ،فارما کمپیناں اور دیگر ادویات فروخت کرنے والوں نے گذشتہ دوسرے روز بھی مکمل شٹر ڈائون ہڑتال جاری رکھی،ہڑتال کی وجہ سے لوگ ادویات کے حصول کے لئے رل گئے۔ میڈیکل ایسوسی ایشن اور دیگر کمپنیوں کا کہنا ہے کہ پنجاب حکومت جو ہردفعہ وعدہ کرکے مکر جاتی ہے جب تک وہ کالے قانون کو واپس نہیں لے گی میڈیکل سٹور بند رہیں گے۔ ساہیوال سے نمائندہ نوائے وقت کے مطابق کیمسٹ اینڈ ڈرگ ایسو سی ایشن کی اپیل پر ساہیوال میں دوسرے روز بھی ہڑ تال رہی جس کی وجہ سے تمام میڈیکل سٹور ،دوکانیں اور بازار بند رہے مریضوں کے ورثاء کو ادویات کی دستیابی کے سلسلہ میں مشکلات کا سا منا کر نا پڑا تاہم کیمسٹ اینڈ ڈرگ ایسو سی ایشن نے قرار دادکے ذریعے مطالبہ کیا ہے کہ حکومت پنجاب تر میمی ڈرگ ایکٹ 2017کو واپس لے ورنہ احتجاج اور ہڑ تال جاری رہے گی۔ گجرات سے نامہ نگار کے مطابق گجرات شہر میں تمام میڈیکل سٹور بند ہو نے سے ہسپتالوںمیں زیر علاج مریض سخت پریشان ہیںڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر عزیز بھٹی ہسپتال اور دیگر ہسپتالوں میں مریضوں کو میڈیکل سہولیات میسر نہیں ہو رہی جسکی وجہ سے انہیں شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

مزیدخبریں