خواجہ آصف کی وکٹ گرانے کے دعویٰ پرچیف جسٹس عمران کیخلاف نوٹس لیں: رانا ثناء

Apr 28, 2018

لاہور(خصوصی نامہ نگار)صوبائی وزیر قانون و پارلیمانی امور رانا ثناء اللہ خاں نے کہا ہے کہ تحریک انصاف اور عمران خان اسٹیبلشمنٹ کے سب سے بڑے گماشتے بنے ہوئے ہیں، پی ٹی آئی آئندہ انتخابات میں ایک ہی طرح کامیاب ہوسکتی ہے کہ (ن) لیگ کو ٹیکنیکل بنیادوں پر انتخابات سے دور رکھا جائے۔ پنجاب اسمبلی کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ خواجہ آصف کی اہلیت سے متعلق درخواست کا فیصلہ سنانے والے بنچ کے سربراہ جسٹس اطہر من اللہ کو میں ذاتی طور پر جانتا ہوں، وہ جمہوریت کے حامی ہیں، ان کے فیصلے کو متنازع بنایا جا رہا ہے، عمران خان صاحب نے پہلے کہا کہ بڑی وکٹ گرنے والی ہے اور اب یہ کہا جا رہا ہے کہ خواجہ آصف صاحب کا فیصلہ ہمیں پتہ تھا اس سے عدلیہ کا تشخص مجروح ہو رہا ہے۔ کل کے فیصلے کو جو رنگ دیا جارہا ہے اس پر چیف جسٹس کو نوٹس لینا چاہیے، پی ٹی آئی یہ تاثر دے رہی ہے کہ عمران خان کو دو روز پہلے پتہ چل گیا تھا کہ ایک بہت بڑی وکٹ گر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس ردعمل پر پھر یہ نہ کہا جائے کہ (ن) لیگ عدلیہ مخالف بات کرتی ہے اس تاثر کو ختم کرنے کے لیے چیف جسٹس تحقیقات کروائیں۔ تحریک انصاف کے لوگ اپنے حلقوں میں یہ بات کرتے ہیں کہ ہمارے اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ معاملات طے ہوگئے ہیں، اس کا منصف پاکستان کو بھی نوٹس لینا چاہیے۔رانا ثناء اللہ نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) عدلیہ کا بے پناہ احترام کرتی ہے، نواز شریف نے چیف جسٹس صاحب کے کسی فیصلے پر بات نہیں کی بلکہ ان کے بیانات کے حوالے سے کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہباز شریف کی رائے ہے کہ پنجاب کو دیگر صوبوں کے ساتھ مل کر چلنا چاہیے، اگر دیگر صوبوں نے چار ماہ کا بجٹ پیش کیا تو ہم بھی چار ماہ کا پیش کریں گے۔

مزیدخبریں