آرمی چیف کی ملاقات‘دنیا امن کیلئے پاکستان کا کردار تسلیم کرے: ازبک صدر‘ استحکام کی کوشش جاری رکھنے پر اتفاق جنرل قمر کا پنجاب پولیس کے کانسٹیبل صابر حسین کو خراج تحسین

Apr 28, 2018

تاشقند (نوائے وقت رپورٹ) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سرکاری دورے پر ازبکستان پہنچ گئے۔ ازبک وزیر دفاع اور چیف آف جنرل سٹاف نے آرمی چیف کا استقبال کیا۔ آرمی چیف نے ازبکستان کے صدر سے ملاقات کی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق ازبک صدر نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی کامیابیوں کو سراہا۔ ازبک صدر نے کہا کہ دنیا علاقائی وعالمی امن کیلئے پاکستان کے کردار کو تسلیم کرے۔ آرمی چیف نے ازبک وزیر خارجہ اور مشیر قومی سلامتی سے بھی ملاقات کی۔ سکیورٹی کے شعبے میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔ دونوں ملک نے خطے میں امن واستحکام کیلئے کوششیں جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔ ادھر ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے کہا ہے کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے پنجاب پولیس کے کانسٹیبل صابر حسین کی قربانی کو خراج تحسین پیش کیا ہے اور بہادر جوان کو آرمی بحالی مرکز سے مصنوعی ٹانگ لگانے کی ہدایت کی ہے۔ 16فروری کو دہشت گردوں نے ڈی جی خان میں پولیس اہلکاروں پر حملہ کیا تھا حملے میں کانسٹیبل صابر حسین کی ٹانگ ضائع ہو گئی تھی۔
آرمی چیف

مزیدخبریں