ویمن ٹیم کی سابق کپتان ثنا میر خواتین کی رنگت پر اشتہارات سے نالاں

Apr 28, 2018

اسلام آباد (سپورٹس ڈیسک )پاکستانی ویمن کرکٹ ٹیم کی سابق کپتان اور آل راؤنڈ ثنا میر نے اشتہارات میں خواتین کو رنگت کی وجہ سے احساس برتری و احساس کمتری میں دکھانے پر غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اشتہاری کمپنیوں کو ایسا نہیں کرنا چاہیے۔کامیابی کے جھنڈے گاڑنے والی کرکٹ ٹیم کی اہم رکن ثنا میر نے اپنی فیس بک پوسٹ میں ساتھی کرکٹر خواتین کی تصاویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’کھیل کے میدان میں آنے والی لڑکیوں کو خوبصورت نہیں، بلکہ مضبوط بازؤں کی ضرورت پڑتی ہے‘۔ثنا میر نے اپنی پوسٹ میں حال ہی میں بنائے گئے ایک اشتہار پر تنقید کرتے ہوئے لکھا کہ انہیں پتہ ہے کہ یہ اشتہار پاکستان اور بھارت میں چل رہا ہے، جو کئی نوجوان لڑکیوں کے لیے احساس کمتری کا باعث بن سکتا ہے۔انہوں نے ہیئرریموول کریم کی جانب سے باسکٹ بال کھیلنے والی لڑکیوں پر بنائے گئے اشتہار کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ وہ اسے دیکھنے کے بعد بولنے پر مجبور ہوئیں کہ کیسے کمپنیاں کھیل کے میدان میں آنے والی نئی لڑکیوں کے دماغ پر کنٹرول کرنے کی کوشش کرتی ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ اشتہارات میں خواتین کو خوبصورتی کی جستجو کرتے ہوئے دکھانے سے کئی نوجوان لڑکیوں کا صرف ایک ہی حصول رہ جاتا ہے کہ وہ خوبصورت جلد حاصل کریں۔ساتھ ہی انہوں نے اس عمل میں اشتہاراتی کمپنیوں سمیت معروف شخصیات کو بھی ملوث قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کی وجہ سے ہی کئی لڑکیاں آگے بڑھنے سے رہ جاتی ہیں۔ثنا میر نے اپنی پوسٹ میں دعویٰ کیا کہ ایک بہترین خاتون کھلاڑی ہونے کی حیثیت میں انہیں خوبصورتی کے متعدد اشتہارات میں کام کرنے کی پیش کش ہوئی، تاہم انہوں نے ہر بار پیشکش مسترد کی۔سابق کپتان کا کہنا تھا کہ دنیا بھر میں کئی ایسی معروف خواتین کھلاڑی ہیں، جو اپنی محنت سے اعلیٰ مقام پر پہنچیں، وہ خوبصورتی کی وجہ سے آگے نہیں بڑھیں۔ساتھ ہی ثنا میر نے نوجوان لڑکیوں کو مشورہ دیا کہ وہ ایسے اشتہارات دیکھ کر بے وقوف نہ بنیں، ویب سائٹ نے رپورٹ کیا کہ پاکستانی کرکٹر نے ماہرہ خان کے اشتہار کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ثنا میر نے ماہرہ خان کے ہیئر ریموول کریم کے حال ہی میں سامنے آنے والے اشتہار کو تنقید کا نشانہ بنایا، جس میں وہ دیگر لڑکیوں کے ساتھ باسکٹ بال کھیل رہی ہیں۔

مزیدخبریں