لاہور (اپنے نامہ نگار سے) ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل‘ اسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرل اور ڈپٹی ایڈووکیٹ جنرل کو عہدوں سے ہٹانے کے لئے لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کر دی گئی ہے۔ فاضل عدالت نے فریقین کو 25مئی کے لئے نوٹس جاری کر دیئے ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ احمدشیر بلوچ ایڈووکیٹ نے طارق عزیز ایڈووکیٹ کے ذریعے درخواست دائر کی کہ مذکورہ عہدوں پر سیاسی لوگوں کو بھرتی کیا گیا ہے جوکہ آئین کے آرٹیکل 3, 2A اور 25 کی خلاف ورزی ہے۔ سپریم کورٹ بھی کہہ چکی ہے کہ نالائقوں کی فوج بھرتی کی گئی ہے۔ درخواست گزار نے کہا کہ سپریم کورٹ کے 2003ء کے آرڈر SEMR کے مطابق کوئی سرکاری نوکری بغیر اشتہار اور امتحان کے نہیں ہوسکتی۔ استدعا کی ہے کہ مذکورہ عہدوں پر رکھے گئے افراد کو نوکری سے ہٹایا جائے اور تحریری امتحان کے بعد موذوں افراد کو رکھا جائے۔ فاضل عدالت نے سیکرٹری پنجاب گورنمنٹ‘ فیڈرل سیکرٹری‘ سیکرٹری قانون اور سیکرٹری فنانس کو نوٹس جاری کر دیئے ہیں۔