خواجہ آصف کی وکٹ گرانے کے دعویٰ پرچیف جسٹس عمرا ن کیخلاف نوٹس لیں: رانا ثناء

لاہور(خصوصی نامہ نگار)صوبائی وزیر قانون و پارلیمانی امور رانا ثناء اللہ خاں نے کہا ہے کہ تحریک انصاف اور عمران خان اسٹیبلشمنٹ کے سب سے بڑے گماشتے بنے ہوئے ہیں، پی ٹی آئی آئندہ انتخابات میں ایک ہی طرح کامیاب ہوسکتی ہے کہ (ن) لیگ کو ٹیکنیکل بنیادوں پر انتخابات سے دور رکھا جائے۔ پنجاب اسمبلی کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ خواجہ آصف کی اہلیت سے متعلق درخواست کا فیصلہ سنانے والے بنچ کے سربراہ جسٹس اطہر من اللہ کو میں ذاتی طور پر جانتا ہوں، وہ جمہوریت کے حامی ہیں، ان کے فیصلے کو متنازع بنایا جا رہا ہے، عمران خان صاحب نے پہلے کہا کہ بڑی وکٹ گرنے والی ہے اور اب یہ کہا جا رہا ہے کہ خواجہ آصف صاحب کا فیصلہ ہمیں پتہ تھا اس سے عدلیہ کا تشخص مجروح ہو رہا ہے۔ پی ٹی آئی یہ تاثر دے رہی ہے کہ عمران خان کو دو روز پہلے پتہ چل گیا تھا کہ ایک بہت بڑی وکٹ گر رہی ہے۔ اس تاثر کو ختم کرنے کے لیے چیف جسٹس تحقیقات کروائیں۔ تحریک انصاف کے لوگ اپنے حلقوں میں یہ بات کرتے ہیں کہ ہمارے اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ معاملات طے ہوگئے ہیں، اس کا منصف پاکستان کو بھی نوٹس لینا چاہیے۔رانا ثناء اللہ نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) عدلیہ کا بے پناہ احترام کرتی ہے، نواز شریف نے چیف جسٹس صاحب کے کسی فیصلے پر بات نہیں کی بلکہ ان کے بیانات کے حوالے سے کی ہے۔

ای پیپر دی نیشن