مینار پاکستان جلسے میں دس نکات کا اعلان کرونگا، نواز شریف نیلسن منڈیلا نہیں بلکہ مارکوس ہیں عمران خان

پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی)کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ  وہ مینار پاکستان پر منعقدہ جلسے میں دس نکات کا اعلان کریں گے، جن میں وہ آئندہ کی پارٹی پالیسی دیں گے۔ نجی ٹی وی کے مطابق لاہور میں غیر ملکی میڈیا کے نمائندوں اور سینئر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ نواز شریف نیلسن منڈیلا نہیں بلکہ مارکوس ہیں، جبکہ شہباز شریف کرپٹ ٹولے کے چیف ہیں۔انہوں نے کہا کہ پہلے عام انتخابات میں مسلم لیگ (ن)، پیپلز پارٹی، مسلم لیگ (ق)اور دیگر جماعتیں مدمقابل ہوتی تھیں، لیکن اب تحریک انصاف اور مسلم لیگ(ن)میں مقابلہ ہوگا۔ملکی خارجہ پالیسی کے حوالے سے ان کا کہنا تھا یہ سول اداروں کے دائرہ اختیار میں ہے، تاہم جہاں سیکیورٹی کے معاملات ہوں وہاں سیکیورٹی اداروں کی مشاورت ضروری ہوتی ہے۔عمران خان نے کہا کہ انہوں نے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی سے کہا تھا جو بھی ہو مذاکرات کا راستہ بند نہیں ہونا چاہیے، لیکن مودی کا مائنڈ سیٹ ایسا نہیں کہ ان کے ساتھ مذاکرات ہوں۔اس سے قبل پارٹی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے عمران خان نے 29 اپریل کے جلسے کی تیاریوں کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا۔

ای پیپر دی نیشن