لاہور(سپورٹس ڈیسک )یونین آف یورپین فٹبال ایسوسی ایشن (یوئیفا) نے فرانسیسی کلب پیرس سینٹ جرمین کے سٹار کھلاڑی نیما پر اگلے تین میچوں پر پابندی عائد کردی جبکہ ٹیم کو چیمپیئنز لیگ اہم میچ میں شکست کا سامنا کرنا پڑا جس کے نتیجے میں رواں برس کے سیزن سے باہر ہوگئی۔ یورپی فٹ بال کی گورننگ باڈی کی جانب سے بیان میں کہا کہ ’نیمار میچ انتظامیہ سے بدتمیزی، ہراساں کرنے کے مرتکب قرار پائے۔27 سالہ فٹ بالر چیمپیئنز لیگ کے اگلے سیزن میں پیرس سینٹ جرمین کے گروپ سٹیج کے آدھے سے زائد میچ نہیں کھیل سکیں گے۔خیال رہے کہ نیمار نے فیصلہ کن اضافی انجری ٹائم میں پینالٹی دیے جانے پر غصے کا اظہار کیا تھا جس میں مانچسٹر یونائیٹڈ کے مارکس راشفورڈ نے گول کر کے اپنی ٹیم کو کامیابی دلا دی تھی۔برازیلین سٹار نیمار نے انسٹاگرام پر لکھا تھا کہ ’یہ انتہائی شرم کی بات ہے، 4 لوگ ٹی وی کے سامنے سلو موشن میں ری پلے دیکھ کر بھی فٹ بال نہیں سمجھ سکتے۔نیمار پینالٹی دیے جانے کے فیصلے سے اس قدر غصے میں تھے کہ انہیں پی ایس جی کے سٹاف نے ریفریز کے ڈریسنگ روم میں گھسنے سے روک لیا تھا۔