اسلام آباد(خبر نگار)وزیر مواصلات مراد سعید نے کہا ہے کہ وزارت مواصلات میں سات ماہ کے اندر خوداحتسابی کے عمل کو جاری رکھتے ہوے ٔدس ارب 79کروڑ 30 لاکھ روپے سے زائد کا ریونیو اکٹھا کیاگیاہے۔ماضی کے منصوبوں میں ہونے والی خورد برد اور بے ضابطگیوں پر ایف آئی اے اور نیب تحقیقات کر رہا ہے جبکہ لیاری ایکسپریس وے پر 80 کروڑ کی کرپشن ہوئی ہے جس کی تحقیقات جاری ہیں۔ایک بیان میں انھوں نے کہا کہ ماضی کی حکومتوں میں اربوں روپے کے ٹینڈرز ،بولیوں اور ٹھیکوں میں مال کمایاگیاجس کے خلاف نیب اور ایف آئی اے نے تحقیقات شروع کردی ہیں۔13 ہزار کلومیٹر کی شاہراہوں پر جے ائی ایس میپنگ کا آغاز کیا جا رہا ہے ۔جے آئی ایس میپنگ کے بعد ہمارا ریونیو کا ٹارگٹ 50 ارب کا ہو گا ۔موٹرویز پر ریسٹ ایریاز اور ہوٹلز پر پرائس کنٹرول کے معاملے پر صوبوں کو 3 مرتبہ خطوط لکھے جاچکے ہیں ۔موٹرویز پر قائم ہوٹلز میں کھانے پینے کی قیمتیں زیادہ ہیں جن کو کنٹرول کیاجارہاہے۔وزارت مواصلات اب زائد قیمتوں پر موقع پر جا کر انکوائری کرے گا اور وہاں ہی پر متعلقہ علاقے کے ڈی سی کو طلب کیا جاے گا ۔53 افسران سے ٹی اے؍ ڈی اے کی مد میں لیے گے غیر قانونی 53 لاکھ روپے واپس لیے گئے ہیں۔ متروکہ وقف املاک کے 650 گھروں پر اور 1 لاکھ94 ہزار سرکاری زرعی اراضی پر سیاستدانوں اور بااثر افراد کے قبضہ ہے ، جس کے بارے میں جلد تفصیلات جاری کی جائیں گی۔
مواصلات میں خود احتسابی سے دس ارب 79کروڑ ریونیو اکٹھا کیا،مرادسعید
Apr 28, 2019