لاہور(کامرس رپورٹر) آل پاکستان انجمن تاجران کے صدر اشرف بھٹی نے آئندہ ماہ سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی اطلاعات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مہنگائی کی وجہ سے لوگوں کی قوت ختم ہوتی جارہی ہے ، بازاروں اور تجارتی مراکز میں صرف 25فیصد کاروبار ہو رہا ہے جس سے تاجروں کیلئے اخراجات پورے کرنا بھی محال ہو گیا ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر میں انار کلی کے تاجروں کے وفد سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ اشرف بھٹی نے کہا کہ حکومت کی جانب سے آئندہ بجٹ میں چھوٹے تاجروں کی رائے حاصل نہیں کی گئی حالانکہ یہ طبقہ نہ صرف لاکھوں افراد کو روزگار مہیا کررہا ہے بلکہ ٹیکسز کی مد میں اربوں روپے قومی خزانے بھی جمع کراتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ مہینوں میں مہنگائی کی لہر سے عوام کی قوت خرید ختم ہو رہی ہے اور اب یکم مئی سے دوبارہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی شنید ہے جسے کسی صورت تسلیم نہیں کیا جا سکتا۔
بازاروں اورتجارتی مراکزمیں کاروبار25فیصدرہ گیا: اشرف بھٹی
Apr 28, 2019