حافظ آباد(نمائندہ نوائے وقت ) ایس ایچ او تھانہ سٹی کی کرپشن کے خلاف سابق ایم این اے نے سینکڑوں ساتھیوں کے ہمراہ تھانہ سٹی کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا۔ ایس ایچ او کے خلاف زبردست نعرہ بازی کی ۔تفصیلات کے مطابق پولیس تھانہ سٹی نے ایک گاڑی پکڑی جس کی نہ سپرداری کروارہی تھی اور نہ ویسے واپس کررہی تھی گاڑی کی واپسی کیلئے ڈیڑھ لاکھ رشوت کا مطالبہ کیاگیا۔ ایم این اے چوہدری شوکت علی بھٹی کے والد سابق ایم این اے چوہدری مہدی حسن بھٹی نے تھانہ سٹی کے باہر سینکڑوں ساتھیوں کے ہمراہ احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ ایس ایچ او اعجاز بٹ نے رشوت کا بازار گرم کیا ہوا ہے ،انہوں نے کہا کہ گوجرانوالہ سے ایک نوسرباز خاتون نے رینٹ اے کار سے گاڑی کرایہ پر حاصل کی اور حافظ آباد میں نوسربازی کرتے ہوئے پکڑی گئی گاڑی کا ایف آئی آر میں کوئی تذکرہ نہیں جس پر گاڑی مالکان نے جب گاڑی طلب کی توپولیس نے ان سے ڈیڑھ لاکھ روپے کی ڈیمانڈ کی ،تومالکان نے مطالبہ کیا ان کو سپردداری پر گاڑی دے دی جائے کیوںکہ نئی گاڑی ہے اور تھانہ میں کھڑی خراب ہورہی ہے اور یہ مال مقدمہ ہے اوریہ بھی معلوم ہوا ہے کہ یہ گاڑی پولیس والے ذاتی استعمال میں لارہے ہیں اور یہ گاڑی جنرل بس سٹینڈ کے قریب کسی گاڑی میں مارکر ایکسیڈنٹ کردیا ۔ متاثرہ افراد اپنی فریاد لیکر سابق ایم این اے چوہدری مہدی حسن بھٹی کے پاس پہنچے توانہوں نے ایس ایچ او تھانہ سٹی اعجاز بٹ کو فون کرکے گاڑی چھوڑنے یا سپرداری کیلئے کہا تو ایس ایچ او اعجاز بٹ نے کہا کہ گاڑی مالکان کو ان کے پاس بھجوادیں گاڑی دے دیتے ہیں جب گاڑی مالکان تھانہ سٹی پہنچے تو ایس ایچ او ڈیڑھ لاکھ کی دیہاڑی ضائع ہوتی دیکھ کر مشتعل ہوگیا اور اس نے مالکان کا گالم گلوچ کرکے اوراپنے ایک ملازم سے دھکے دلوا کرتھانہ سے نکال دیا جس پر گاڑی مالکان اپنی شکایت لیکر چوہدری مہدی حسن بھٹی کے پاس پہنچے تووہاں پرموجود تمام افراد جلوس کی شکل میں تھانہ سٹی پہنچے اور انہوں نے رشوت خور ایس ایچ او اعجاز بٹ کے خلاف زبردست نعرہ بازی کی تاجروں نے ایس ایچ او کی بڑھتی ہوئی کرپشن کے خلاف یک جہتی کرتے ہوئے آج شہرمیں شٹر ڈاؤ ن ہڑتال اور تھانہ کے سامنے دھرنا دینے کا اعلان کیا ہے اورشہری تاحال تھانہ سٹی کے باہر احتجاج کررہے ہیں ۔
مہدی بھٹی کا سینکڑوں ساتھیوں کے ہمراہ تھانہ سٹی کے باہر مظاہرہ
Apr 28, 2019