پاکستان اور چین نے سیاست، سکیورٹی ،معیشت تجارت اور عوامی وفود کے تبادلے سمیت تمام شعبوں میں تعاون پر مبنی سٹرٹیجک شراکت داری کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کاا عادہ کیا ہے۔اس عزم کا اظہار آج بیجنگ میں وزیراعظم عمران خان اور چین کے صدر شی جن پنگ کے درمیان ملاقات میں کیاگیا۔وزیر اعظم نے چین آمد پر شاندار اور پرتپاک استقبال کرنے اور تمام امور پر پاکستان کی مکمل حمایت کرنے پر چین کے صدر کا شکریہ ادا کیا۔انہوں نے بنیادی مفادات کے تمام امور پر چین کے لئے پاکستان کی حمایت کا اعادہ بھی کیا۔
وزیراعظم نے دوسرے ایک خطہ ایک شاہراہ فورم کے کامیاب انعقاد پر صدر شی کو مبارکباد دی جو اُن کے دانشمندانہ ویژن کے منشور کا عملی اظہار ہے۔صدر شی جن پنگ نے پاکستان کی خودمختاری اور علاقائی سا لمیت کیلئے چین کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے سماجی و اقتصادی اور عوام کی ترقی کیلئے حکومت کے ایجنڈے کی تعریف کی۔