اسلام آباد (اے پی پی) پنجاب فٹ بال ایسوسی ایشن کے سابق رکن چوہدری منیر احمد نے کہا ہے کہ ملک میں فٹ بال کی ترقی کیلئے مثبت اقدامات کی ضرورت ہے، کورونا وائرس کی وجہ سے فیفا کی جانب سے پاکستان سمیت پوری دنیا کے کھلاڑیوں کیلئے فنڈز قائم کرنا خوش آئند ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت پوری دنیا کورونا وائرس کی وبائسے دوچار ہے اور ہمیں اس موذی مرض سے بچنے کیلئے خود اقدامات اٹھانے ہوںگے۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے حکومت کی جانب سے ملک میں لاک ڈاؤن کا فیصلہ درست تھا لیکن عوام کو اس پر عمل کرنا چاہئے، حکومت اپنے ملک کی عوام کی جان و مال کی حفاظت کرنا چاہتی ہے ۔ گجرات سے تعلق رکھنے والے فٹ بال کے آرگنائزر چوہدری منیر احمد نے کہا ہے کہ کورونا وائرس نے تو ترقی یافتہ ممالک کو نہیں چھوڑا انکو بھی اپنی لپیٹ میں لیا ہوا ہے، اس موذی مرض کی وجہ سے پوری دنیا میں ہلاکتوں کی تعداد لاکھوں تک پہنچ چکی ہے امریکہ جہاں ہر سہولت کے ہونے باوجود وائرس پر قابو نہیں پایا جاسکا وہاں پر پچاس ہزار سے زائد اموات ہوچکی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں وائرس کی وجہ سے شرح اموات میں دن بدن اضافہ ہو رہا، ہمارے تین قومی ہیروز ڈاکٹرز بھی جان کی بازی ہار چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان ڈاکٹروں کی خدمات پر پوری قوم انکو سلام پیش کرتی ہے۔ فٹ بال کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ہمیں پاکستان فٹ بال فیڈریشن کے قوانین کا احترام اور پاسداری کرنی چاہئے کیونکہ کوئی قوم اس وقت ترقی نہیں کر سکتی جب تک وہ ڈسپلن کی پابندی نہ کرے ۔ کھیلوں میں ترقی کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ کھیلوں میں سیاست نہیں ہونی چاہئے بلکہ ایک کھلاڑی سے لے کر عہدیدار تک کو کھیل کی ترقی کیلئے اپنا اپنا بھرپور مثبت کردار ادا کرنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ مجھے سمجھ نہیں آتی کہ سب آرگنائزر کہتے ہیں کہ ہمیں مفاد، عہدوں اور کرسیوں کا کوئی لالچ نہیں بلکہ ہم ملک میں کھیلوں کی ترقی اور بہتری کے لئے کام کرنا چاہتے ہیں پھر لڑائی کس بات کی ہے جب کسی کو کوئی لالچ ہی نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں گراس روٹ سطح پر کھیلوں کے مقابلوں پر توجہ دینی چاہئے اس کے ذریعے ہی کھیلوں میں بہتری آسکتی ہے۔