مری( نامہ نگار خصوصی) مری میں مہنگائی کا جن آ پے سے باہر ہو گیا ہے ۔ غریب عوام روزہ افطاری میں فروٹ رکھنے کی سکت مہنگائی نے ختم کردی ہے ۔رمضان المبار ک کے مقدس مہینے اور کوروناوائرس کی موجودہ صورتحال کو دیکھتے ہوئے غریب عوام کو قیمتوں میں ریلیف دینے کے بجائے سبزی ،فروٹ اور دیگر اشیاء خوردونوش میں اضافہ کردیا گیا ہے ۔ رمضان المبارک سے قبل ملنے والی اشیاء کی قیمتوں میںکئی دگنا اضافہ دیکھا جا رہا ہے جس سے عوام کی قوت خرید ختم ہوکر رہ گئی ہے اور فروٹ تو ان کیلئے شجر ممنوعہ ہوکر رہ گیا ہے۔ عوام کاکہنا ہے کہ رمضان المبارک کے مقدس ماہ میں تاجروں کو تو چاہیے کہ نیکیاں کمائیں اور عوام کو سستی اور معیاری اشیاء فراہم کریں لیکن یہاں عجیب ہی صورتحال ہے کہ اس مقدس ماہ میں قیمتوں میں اضافہ کردیا جاتا ہے ۔ایسے میں کہا گیا ہے کہ حکومت مہنگائی کو کنٹرول کرنے کیلئے خصوصی اقدامات کرے ۔