کراچی (نیوز رپورٹر) کراچی کے جناح ہسپتال میں داخل کرونا وائرس کے مشتبہ مریض نے وارڈ کی تیسری منزل سے کود کر خودکشی کرلی۔صدر پولیس کے مطابق لانڈھی کے علاقے قائد آباد کے رہائشی 30 سالہ فواد علی کو چند روز قبل نشہ آئس کا عادی ہونے کی بنا پر ہنگامی حالت کے شعبے میں لایا گیا تھا۔ جناح ہسپتال کی ڈائریکٹر ڈاکٹر سیمی جمالی کے مطابق ایمرجنسی میں طبی معائنے کے دوران فواد علی میں کرونا وائرس کی علامتیں ظاہر ہوئیں، جس پر اسے فوری طور پر جناح ہسپتال کے وارڈ 23 میں بھیج دیا گیا جہاں زیادہ تر کرونا وائرس کے مشتبہ مریض داخل ہیں۔ ہسپتال ذرائع کے مطابق فواد علی کا کرونا وائرس کا ٹیسٹ کرلیا گیا تھا، رپورٹ کا انتظار ہے۔ ڈاکٹروں کے مطابق نشہ نہ ملنے کی وجہ سے اس کی حالت خراب ہوگئی تھی اور اس نے پیرا میڈیکل سٹاف اور وارڈ بوائے سے جھگڑا بھی کیا۔ مریض نے صبح تیسری منزل کی بالکونی سے چھلانگ لگا دی۔ صدر پولیس کے مطابق فواد موقع پر ہی ہلاک ہوگیا، اس کی نعش مردہ خانے منتقل کردی گئی ہے۔ آن لائن کے مطابق خود کشی کرنے والے شخص کا کرونا وائرس کا ٹیسٹ منفی آگیا۔ ڈاکٹر سیمی جمالی کے بیان کے مطابق مذکورہ شخص کا رویہ ابنارمل تھا۔ ہسپتال انتظامیہ کے مطابق مریض نے اپنے کپڑے اتار کر ہسپتال کی بلڈنگ میں گھومنا شروع کردیا تھا ساتھ ہی عملے کو دھمکیاں بھی دیں۔ مریض کے قابلِ اعتراص رویے پر اسے تیسری منزل پر بند کردیا گیا تھا جہاں اس نے لوہے کی جالی اور دروازوں کو نقصان بھی پہنچایا اور صبح 6 بج کر 58 منٹ پر کھڑکی سے کود گیا۔ جس کے نتیجے میں اس کے سر پر شدید چوٹ آئی جسے فوری طور پر شعبہ حادثات لے جایا گیا تاہم علاج کے دوران وہ دم توڑ گیا۔
کراچی: کرونا کے مشتبہ مریض نے جناح ہسپتال کی تیسری منزل سے کود کر خود کشی کر لی‘ ٹیسٹ نیگٹو آ گیا
Apr 28, 2020