جاوید لطیف نیب پیش‘کلیئر ہونے کیلئے بنی گالہ سے سرٹیفکیٹ لینا ہوگا: لیگی رہنما

Apr 28, 2020

اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) مسلم لیگ ن کے رہنما و رکن قومی اسمبلی میاں جاوید لطیف کا کہنا ہے کہ اینٹی کرپشن نے مجھے کلیئر ہونے کا سرٹیفکیٹ دے دیا لیکن لگتا ہے نیب کیلئے بنی گالہ سے سرٹیفکیٹ لینا پڑیگا۔ گزشتہ روز قومی احتساب بیورو (نیب) نے آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں مکمل تفصیلات کا جواب طلب کرنے کیلئے مسلم لیگ ن کے رہنما میاں جاوید لطیف کو نوٹس بھیجا تھا اس سلسلے میں جاوید لطیف نیب میں پیش ہوئے اور کیس کی تفصیلات سے متعلق ایک بار پھر آگاہ کیا نیب میں پیش ہونے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جاوید لطیف نے کہا کہ آج ایک مرتبہ پھر نیب کے افسران نے مجھے دیکھا میں نے ان کو دیکھا اینٹی کرپشن نے مجھے کیلئر ہونے کا سرٹیفکیٹ دیا لیکن لگتا ہے مجھے بنی گالہ سے سرٹیفکیٹ لینا پڑیگا، جاوید لطیف کا حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہنا تھا کہ بنی گالہ میں فیصلہ ہوا ہے کہ چار لوگوں کو گرفتار کر لیا جائے تو کشمیر آزاد ہو سکتا ہے جس میں مسلم لیگ ن کے شہباز شریف، شاہد خاقان، رانا ثناء اللہ اور جاوید لطیف کی گرفتاری شامل ہے اور اس سے ملکی مسائل بھی حل ہو جائیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وفاقی کابینہ میں فیصلہ کیا جائے گا کہ کن کن دنوں میں کس کس کو گرفتار کرنا ہے اور تب بھی مسائل حل نہ ہوئے تو نواز شریف مریم نواز اور مولانا فضل الرحمان کو گرفتار کیا جائیگا۔

مزیدخبریں