پاکستان: کرونا سے مزید18جاں بحق، گورنر سندھ بھی وائرس کا شکار

اسلام آباد، راولپنڈی، کراچی( وقائع نگار خصوصی+ نمائندہ خصوصی+ جنرل رپورٹر+ سٹاف وقت رپورٹر) گورنر سندھ عمران اسماعیل بھی کرونا کا شکار ہو گئے۔ گورنر سندھ عمران اسماعیل کا کرونا ٹیسٹ مثبت آ گیا۔ عمران اسماعیل نے ٹویٹ میں تصدیق کرتے بتایا کہ عمران خان نے مشکل حالات میں لڑنا سکھایا۔ اللہ ہمیں مصیبت سے نمٹنے کی صلاحیت دے۔ ملک میں گزشتہ روز کرونا وائرس سے مزید 18 افراد جاں بحق ہوگئے۔ جاں بحق ہونے والوں میں اے پی پی ایمپلائز یونین کے سابق صدر و سینئر صحافی ظفر رشید بھٹی بھی شامل ہیں۔ جس کے بعد ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 299 ہو گئی جب کہ نئے کیسز سامنے آنے سے مصدقہ مریضوں کی تعداد 14057 تک جا پہنچی ہے۔ اب تک سب سے زیادہ اموات خیبرپی کے میں سامنے آئی ہیں جہاں کرونا سے 104 افراد انتقال کر چکے ہیں جب کہ سندھ میں 85 اور پنجاب میں 84 افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔ بلوچستان میں 13، گلگت بلتستان اور اسلام آباد میں تین، تین افراد اس مہلک وائرس کے باعث جاں بحق ہو چکے ہیں۔ پیر کو ملک بھر سے کرونا کے مزید 625 کیسز سامنے آئے ہیں اور 15 اموات بھی رپورٹ ہوئی ہیں جن میں سندھ سے 341 کیسز 4 ہلاکتیں، خیبر سے 120 کیسز 6 ہلاکتیں، پنجاب 80 کیسز 3 ہلاکتیں، اسلام آباد سے 10 کیسز ، گلگت بلتستان سے 2 کیسز جب کہ بلوچستان سے 72 کیسز اور 2 ہلاکتیں سامنے آئی ہیں۔ صوبے میں کرونا کے مزید 341 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں اور 4 ہلاکتیں بھی ہوئی ہیں جس کی تصدیق وزیراعلیٰ سندھ نے کی۔ سندھ میں نئے کیسز کے بعد متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 4956 اور اموات 85 تک جا پہنچی ہیں۔ وزیراعلیٰ سندھ نے بتایا کہ کرونا کے 3946 مریض زیرعلاج ہیں جن میں سے 24 کی حالت خراب ہے۔ صوبائی حکومت کے ترجمان کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 53 افراد صحت یاب ہوئے جس کے بعد صحت یاب ہونے والوں کی تعداد 925 ہوگئی ہے۔ پنجاب سے کرونا کے مزید 80 مریض سامنے آئے ہیں اور 3 ہلاکتیں بھی ہوئی ہیں۔ ترجمان پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر نے تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ پنجاب میں کرونا کے نئے کیسز کے بعد مجموعی مریضوں کی تعداد 5640 اور ہلاکتیں 84 ہوگئی ہیں۔ ترجمان کے مطابق 768 زائرین، 1923 تبلیغی ارکان، 86 قیدی اور 2749 عام شہری کرونا وائرس میں مبتلا ہیں۔ ترجمان پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر کے مطابق صوبے میں اب تک کرونا وائرس سے متاثرہ 1183 افراد صحت یاب وفاقی دارالحکومت میں کرونا وائرس کے مزید 10 کیسز سامنے آئے ہیں۔ اسلام آباد میں کیسز کی مجموعی تعداد 245 ہوگئی ہے جب کہ شہر میں اب تک وائرس سے 3 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں۔ بلوچستان میں گزشتہ روز کرونا سے مزید 2 اموات سامنے آئی ہیں اور صوبے میں مجموعی ہلاکتیں 13 ہوگئی ہیں۔ بلوچستان میں مزید 72 مقامی افراد میں کرنا وائرس کی تشخیص ہوگئی۔ بلوچستان میں کل کرونا متاثرہ افراد کی تعداد 853 ہوگئی۔ راولپنڈی سے جنرل رپورٹر کے مطابق راولپنڈی کے تین شہری گزشتہ روز کرونا وائرس کے باعث جاں بحق ہو گئے ہیں ذرائع کے مطابق 70 سالہ کرونا وائرس کا متاثرہ مریض آر آئی یو 68 سالہ کرونا وائرس کا دوسرا مریض بے نظیر بھٹو ہسپتال میں جبکہ تیسرے مریض کرونا وائرس کے باعث پمز ہسپتال میں جاں بحق ہوئے ہیں دوسری جانب یورالوجی ہسپتال ذرائع کے مطابق راولپنڈی کرونا کے مزید سولہ مریض صحتیاب ہوئے ہیں جس کے بعد اب تک صحتیاب ہونے والوں کی تعداد 125 ہو گئی ہے۔ پنڈی بھٹیاں سے نامہ نگار کے مطابق جلال پور بھٹیاں میں شہری غلام شبیر کا کرونا وائرس سے متاثر ہونے کا معاملہ متاثرہ 55 سالہ مریض ہسپتال میں دم توڑ گیا جاں بحق ہونے والے کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی مرحوم کی مقامی قبرستان میں تدفین کر دی گئی۔نجی ٹی وی کے مطابق اسلام آباد میں ایک نجی ٹی وی چینل کے دفتر میں کرونا وائرس کے 8 کیسز سامنے آگئے۔ ڈپٹی کمشنر حمزہ شفقات کے مطابق نجی ٹی وی چینل کے بیورو آفس میں عملے کے 8افراد میں کرونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔ حمزہ شفقات کا کہنا ہے کہ ٹی وی چینل کے بیورو آفس اسلام آبادکو سِیل کر دیا گیا ہے اور دفترکو ڈس انفیکٹ کیا جا رہا ہے۔ دوسری جانب اسلام آباد میں سرکاری خبر رساں ایجنسی اے پی پی کے دفتر میں بھی ایک صحافی میں کرونا کی تصدیق ہوئی ہے۔ کرونا کا کیس سامنے آنے کے بعد اے پی پی کا آفس سیل کردیا گیا ہے اور آفس کو ڈس انفیکٹ کیا جا رہا ہے۔
کرونا/ پاکستان

لندن، نیو یارک، ماسکو (عارف چودھری‘ نوائے وقت رپورٹ) دنیا بھر میں کرونا وائرس سے متاثر ہونے والے افراد کی تعداد 30 لاکھ سے تجاوز گئی ہے جبکہ دو لاکھ سے زیادہ لوگ ہلاک ہو چکے ہیں۔ صحتیاب ہونے والوں کی تعداد سات لاکھ 81 ہزار سے زیادہ ہے۔ اس وقت کووڈ 19 سے امریکہ اور یورپ سب سے زیادہ متاثرہ ہیں۔ یورپ میں ایک لاکھ سے زیادہ اموات ہو چکی ہیں جبکہ امریکہ میں مصدقہ متاثرین کی تعداد ساڑھے نو لاکھ سے بڑھ گئی ہے۔ یورپی یونین نے وبا سے متاثرہ یورپی ممالک کی مدد کے لیے 540 ارب یورو کے ایمرجنسی فنڈ کی منظوری دے دی ہے۔ جبکہ جی 20 گروپ نے مزید امداد کا مطالبہ کیا ہے۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ’ہم ویکسین تیار کرنے کے بہت قریب ہیں‘ جبکہ امریکی کانگریس نے 484 ارب ڈالرز کے امدادی پیکچ کی منظوری دے دی ہے۔ دبئی نے رمضان کے لیے شاپنگ مالز کھولنے کی اجازت دے دی ہے۔ تاہم غزہ میں کرونا کے پیش نظر اجتماعی افطار منع ہو گئی ہے جس کی وجہ سے سینکڑوں افراد کے بھوکے رہ جانے کا خدشہ ہے۔ نیو یارک کے گورنر اینڈریو کوومو کا کہنا ہے کہ 15 مئی سے معاشی سرگرمیوں کو جزوی طور پر بحال کیا جا سکتا ہے۔ نیو یارک سٹی میں نرمی نہیں ہو گی جو امریکا کا سب سے زیادہ متاثرہ علاقہ ہے۔ سپین میں حکام کی جانب سے بندشوں میں کمی کی گئی ہے لیکن چند روز میں مزید 9 ہزار 57 کیسز کے بعد مجموعی تعداد 2لاکھ 36 ہزار 199 ہو گئی ہے۔ برطانیہ کے وزیراعظم بورس جانسن صحت یاب ہوکر اپنے فرائض انجام دینے لگے ہیں۔ وزیراعظم بورس جانسن نے ذمہ داریاں سنبھالنے کے بعد وزراء سے تجاویز طلب کی ہیں کہ کس طرح زندگیوں کو محفوظ بناتے ہوئے کاروبار کو بحال کیا جا سکتا ہے۔ روس میں دنیا کے دیگر ممالک کے مقابلے میں وائرس دیر سے پہنچا تاہم اب تعداد چین سے زیادہ ہو گئی ہے۔ تازہ اعدادوشمار کے مطابق روس میں کیسز کی مجموعی تعداد 87 ہزار 147 ہے اور 794 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ چین کے بعد نیوزی لینڈ نے بھی کرونا وائرس کو شکست دینے کا دعویٰ کیا ہے۔ بی بی سی کی رپورٹ کے مطابق نیوزی لینڈ کی وزیراعظم جیسنڈا آرڈرن نے کہا ہے کہ ان کے ملک میں موجود کرونا وائرس کے تمام مریض صحتیاب ہو چکے ہیں۔ ملک میں کہیں وائرس موجود نہیں اور اب وہ لاک ڈاؤن میں بھی نرمی کرنے جا رہے ہیں۔
کرونا دنیا

ای پیپر دی نیشن