اسلام آباد (نیوز رپورٹر) صدر آزاد جموں وکشمیر سردار مسعود خان اور سینٹ کی مجلس قائمہ برائے داخلہ کے چیئرمین سینیٹر رحمان ملک نے بھارت کی جانب سے نئے ڈومیسائل قانون پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اس کی مذمت کی ہے۔ دونوں رہنمائوں نے بھارتی کرفیو، مسلم مخالف پروپیگنڈہ و لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزیوں کی بھی مذمت کی۔ قبل ازیں صدر آزاد کشمیر سردار مسعود سینیٹر رحمان ملک سے ملاقات کے لئے ان کی رہائش گاہ پہنچے تھے۔ اس موقع پر مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے دونوں رہنمائوں نے بھارت کی طرف سے نئے ڈومیسائل قانون پر شدید اظہار تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اس کی بھرپور مذمت کی۔ دونوں رہنماں نے بھارتی کرفیو، مسلم مخالف پروپیگنڈا اور لائن آف کنٹرول کی مسلسل خلاف ورزی کی بھی شدید مذمت کی۔ سینیٹر رحمان ملک نے کہا کہ نئے ڈومیسائل قانون کے تحت مودی آر ایس ایس کے دہشتگردوں کو مقبوضہ کشمیر میں آباد کرنا چاہتا ہے اور ان متنازعہ قوانین کے ذریعے کشمیر میں مسلمانوں کی آبادی کو اقلیت میں بدلنا چاہتا ہے۔ انہوں نے کہا بی جے پی و مودی سرکار مسلمانوں کو بھارت میں کرونا وائرس پھیلانے کا ذمہ دار ٹھہرا رہی ہے۔ پوری دنیا کرونا وائرس سے لڑ رہی ہے مگر انسانیت دشمن مودی مسلمانوں کیساتھ لڑ رہا ہے۔ صدر آزاد کشمیر مسعود خان نے کہا کہ مظلوم کشمیریوں کے لئے رحمان ملک کی خدمات قابل ستائش ہیں، مودی نے کورونا وائرس کے پردے میں بھارتی مسلمانوں اور کشمیریوں پر مظالم بڑھا دئیے ہیں، پیچھلے کچھ عرصے میں آر ایس ایس کے دہشتگردوں نے ساٹھ سے زائد مسلمان نوجوانوں کو شہید کیا۔
صدر آزاد کشمیر کی رحمن ملک سے ملاقات‘ ڈومیسائل قانون پر شدید تشویش
Apr 28, 2020