لاہور(سپورٹس رپورٹر)پاکستان اور زمبابوے کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان دو ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز کا پہلا میچ(کل)جمعرات سے ہرارے سپورٹس کلب میں شروع ہوگا۔ اس سے قبل پاکستان کی ٹیم نے میزبان ٹیم کو تین ٹی -20 میچوں کی سیریز میں 2-1 سے شکست دی تھی۔ دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا پہلا ٹیسٹ 29اپریل سے 3مئی جبکہ دوسرا ٹیسٹ 7سے11مئی تک کھیلا جائے گا۔ دورہ میں شامل تمام میچز ہرارے سپورٹس کلب میں کھیلے جائیں گے۔پاکستان ٹیم کی قیادت بابر اعظم کریں گے ۔ میزبان ٹیم سین ولیمز کی زیر قیادت میدان میں اترے گی۔قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں نے گزشتہ روز ٹیسٹ سیریز کی تیاری کیلئے بھر پور مشقیں کی ۔ کھلاڑیوں نے کوچز کی زیر نگرانی بائولنگ ‘بیٹنگ کے ساتھ ساتھ فیلڈنگ کی پریکٹس بھی کی ۔ پریکٹس سیشن کے دوران فزیکل فٹنس پر بھی زور دیا گیااور کیچنگ پریکٹس بھی کی گئی۔ہیڈ کوچ مصباح الحق نے کھلاڑیوں کو سیریز کی تیاری کیلئے لیکچر دیا اور کھیل پر توجہ دینے کی ہدایت کی۔ انہوںنے کھلاڑیوں کو بیٹنگ اور بائولنگ میں خامیاں دور کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے سیریز میں اچھی کارکردگی کامظاہرہ کرنے کی ہدایت کی ۔ میزبان ٹیم کے کھلاڑیوں نے بھی پریکٹس سیشن میں حصہ لیا ۔