راولپنڈی(اپنے سٹاف رپورٹرسے)وزیر اعظم پاکستان کے ویژن اور وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان احمد بزدار کی ہدایت پر کاشتکاروں کوڈائریکٹ کیش سبسڈی پہنچانے کے لئے محکمہ زراعت پنجاب نے "کسان کارڈ "کا اجراء کر دیا ہے۔ ترجمان محکمہ زراعت پنجاب نے بتایا کہ اس تاریخی اقدام کے ذریعے کاشتکار کھاد اور بیج رعایتی قیمت پر حاصل کر سکیں گے اور کسان کارڈکو اے ٹی ایم پر استعمال کر کے کسان فوری کیش حاصل کر سکے گا ۔کسان کارڈ کے ذریعے 10 لاکھ سے زیادہ رجسٹرڈ کاشتکاروں کو سالانہ اربوں روپے کی سبسڈی شفاف انداز میں پہنچائی جا سکے گی۔ کسان کارڈ کے تحت کاشتکار فصل بیمہ تکافل، ای کریڈٹ اور زرعی مداخل کی تمام سبسڈی حاصل کرسکیں گے اور کارڈ کو بطور اے ٹی ایم کارڈ استعمال کرتے ہوئے سبسڈی کی رقم کو فوری وصول کر کے بروقت زرعی مداخل کی خرید کربروقت اُمور کاشتکاری اور تحفظِ نباتات کو یقینی بنا سکیں گے جس سے فی ایکڑ زرعی پیداوار میں اضافہ اور پیداواری اہداف کا حصّول ممکن ہوگا۔ کاشتکار متعلقہ معلومات زراعت( توسیع ) کے افسران کو جمع کروائیں اورزرعی توسیع کا عملہ معلومات پورٹل میں درج کرے گا ۔رجسٹرڈ کاشتکار " کسان کارڈ" کے حصول کے لئے HBL-Konnect کی دُکان پر اپنا اکائونٹ کھلوائیںاور 500 روپے (قابل واپسی) ادا کر کے انگوٹھا ضرور لگائیں۔کاشتکار متعلقہ اسسٹنٹ ڈائریکٹر زراعت(توسیع) کے دفتر سے اطلاع موصول ہونے پر " کسان کارڈ" وصول کریں اور اس کی ایکٹویشن کرائیں جبکہ غیر رجسٹرڈ کاشتکار متعلقہ اسسٹنٹ ڈائریکٹرزراعت(توسیع) کے دفتر میں رجسٹریشن کرائیں اور مزید معلومات و راہنمائی کے لئے پنجاب زرعی ہیلپ لائن0800-17000 پر رابطہ کریں۔