اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) چیئرمین سی پیک اتھارٹی عاصم سلیم باجوہ کا کہنا ہے کہ وزیراعظم کا جنوبی بلوچستان کی ترقی کا خواب حقیقت بن رہا ہے۔ جنوبی بلوچستان میں سی پیک کے تحت سڑکوں پر توجہ مرکوز ہے۔ تفصیلات کے مطابق چیئرمین سی پیک اتھارٹی عاصم سلیم باجوہ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں کہا ہے کہ جنوبی بلوچستان میں سی پیک کے تحت سڑکوں پر توجہ مرکوز ہے۔ بسیمہ خضدار شاہراہ پر 60 فیصد کام مکمل کر لیا گیا ہے جبکہ ہوشاب آوارن روڈ پر بھی کام شروع کر دیا گیا ہے۔ عاصم سلیم باجوہ کا کہنا تھا کہ شاہراہوں کی تعمیر سے شمال سے گوادر تک رسائی آسان ہوگی۔ وزیراعظم کا جنوبی بلوچستان کی ترقی کا خواب حقیقت بن رہا ہے۔ خیال رہے وزیراعظم عمران خان کل ایک روزہ دورے پر بلوچستان پہنچیں گے جہاں وہ امن و امان کی صورتحال اور بلوچستان کیلئے پیکیج کا اعلان کریں گے۔ بلوچستان کے دوران وزیراعظم ڈیرہ مراد جمالی بائی پاس سمیت ویسٹرن بائی پاس کوئٹہ، زیارت موڑ اور کچ ہرنائی سنجاوی روڈ کا بھی افتتاح کریں گے۔