پشاور (صباح نیوز)پشاور ہائی کورٹ نے آمدن سے زائد اثاثے کیس میں مسلم لیگ( ن) کے رہنما کیپٹن ریٹائرڈ محمد صفدر کی ضمانت قبل از گرفتاری منظور کرلی ۔منگل کو پشاور ہائی کورٹ میں کیپٹن ریٹائرڈ محمد صفدر کی درخواستِ ضمانت پر محفوظ کیا گیا فیصلہ سنا دیا گیا۔پشاور ہائی کورٹ کے جسٹس لعل جان کی سربراہی میں بینچ نے کیپٹن ریٹائرڈ محمد صفدر کی درخواستِ ضمانت کا فیصلہ سناتے ہوئے ان کی ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست منظور کرتے ہوئے پولیس کو ان کی گرفتاری سے روک دیا۔ ضمانت قبل از گرفتاری سے متعلق تفصیلی فیصلہ بعد میں جاری کیا جائے گا۔ دائر درخواست پر گزشتہ سماعتوں میں دونون جانب سے وکلا نے اپنے دلائل مکمل ہوئے۔ کیس کی سماعت 5 سے 6 ماہ تک جاری رہی۔اس سے قبل محمد صفدر کی عدم موجودگی پر فیصلہ 22 اپریل کو موخر کردیا گیا تھا۔ کیپٹن ریٹائرڈ صفدر نے نیب کی گرفتاری سے بچنے کیلئے درخواستِ ضمانت قبل از گرفتاری دائر کی تھی۔یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ قومی احتساب بیورو (نیب) میاں نواز شریف کے داماد کے خلاف آمدن سے زائد اثاثوں اور فنڈز میں خورد برد کی انکوائری کر رہا ہے۔ ہائی کورٹ احکامات کی روشنی میں گرفتاری سے 10 روز قبل انہیں آگاہ کیا جائے گا۔
زائد اثاثے کیس: کیپٹن (ر) صفدر کی ضمانت قبل از گرفتاری منظور
Apr 28, 2021