مکرمی! اس وقت پیشہ ور گدا گروں نے پورے شہر کو اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے۔ کہیں یہ سڑکوں پر جگہ جگہ لوگوں کو روک کر یا ٹریفک کے اشاروں پر پکڑ کر مانگتے ہیں اور کہیں گلیوں میں آ کر گھروں کے دروازے کھٹکھٹا کھٹکھٹا کر لوگوں کا سکون تباہ کرتے ہیں۔ عام طور پر یہ گدا گر ہٹے کٹے مرد اور صحت مند عورتیں ہوتی ہیں جو بھیک مانگنے کو بطور پیشہ اختیار کیے ہوئے ہیں۔ ان میں ایسے بھی بہت سے ہیں جو خود کو معذور ظاہر کر کے لوگوں کو دھوکا دیتے ہیں۔ رمضان المبارک کے مہینے میں ان میں بہت سے لوگ گھروں میں آ کر راشن کا تقاضا کرتے ہیں۔ دن بھر میں بھیک کے ذریعے ہزاروں روپے کمانے والے یہ پیشہ ور گدا گر محنت کر کے اپنے اہل و عیال کا پیٹ پالنے والوں کی حوصلہ شکنی کرتے ہیں۔ متعلقہ اداروں کو چاہیے کہ شہر بھر میں پھیلے ہوئے پیشہ ور گدا گروں کے خلاف فوری اور سخت کارروائی کریں۔ (طاہر شاہ، لاہور)