مکرمی! الہ آباد ضلع قصور میں واقع ایک قصبہ ہے جس کی آبادی تقریباً ایک لاکھ نفوس پر مشتمل ہے۔ اس قصبے کا داخلی راستہ ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہے اور ایک عرصہ سے اسی حالت میں ہے۔ اس راستہ پر جگہ جگہ پانی کھڑا ہونے کی وجہ سے چھوٹے چھوٹے جوہڑ بن چکے ہیں جو وہاں سے گزرنے والوں کے لیے شدید مسائل کا باعث بنتے ہیں۔ علاوہ ازیں، یہ گندا پانی مختلف طرح کی بیماریوں کو بھی جنم دے رہا ہے۔ الہ آباد اور کنگن پور کو ملانے والے روڈ کی حالت بھی بہت بری ہے اور اس پر بہت سے حادثات ہوچکے ہیں جن میں کئی قیمتی جانیں ضائع ہوئیں۔ اس وقت مقامی سطح پر کوئی انتظامی ڈھانچہ موجود نہیں جس کی وجہ سے اس قصبے کے مسائل کی طرف کسی کی توجہ ہی نہیں ہے۔ ہم وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے درخواست کرتے ہیں کہ اس مسئلے پر خصوصی توجہ دیتے ہوئے الہ آباد تا کنگن پور روڈ کی جلد از جلد تعمیر کروائیں اور علاقے کے سیوریج سسٹم کی مرمت بھی کروائیں تاکہ یہاں آباد لوگ حادثات اور بیماریوں سے محفوظ ہوسکیں۔ (مصعب ارشد، الہ آباد، تحصیل چونیاں، ضلع قصور)