مکرمی! ہمارے علاقے بستی سیدن شاہ میں نشہ سر عام بک رہا ہے۔ بہت سے نوجوان اس لعنت کا شکار ہوچکے ہیں۔ یہ مسئلہ صرف ہمارے علاقے کا ہی نہیں بلکہ پورے شہر میں ایسے لوگ پھیلے ہوئے ہیں جو جگہ جگہ دھڑلے سے نشہ فروخت کررہے ہیں اور کوئی انہیں پوچھنے والا نہیں۔ شہر میں جگہ جگہ سڑکوں پر ایسے بہت سے لوگ دکھائی دیتے ہیں جو نشہ کررہے ہوتے ہیں۔ نشہ کی وجہ سے ہماری نسلیں اور ملک کا مستقبل تباہ ہورہا ہے لیکن کسی کو اس کی کوئی پروا نہیں۔ ہمارے ملک میں نشہ کی لعنت پر قابو پانے کے لیے قوانین بھی موجود ہیں اور پولیس سمیت حکومت کے کئی محکموں کے پاس یہ ذمہ داری بھی ہے کہ وہ لوگوں کو نشہ کی لت میں مبتلا کرنے والے عناصر کو پکڑیں اور انہیں قرار واقعی سزا دیں لیکن ان محکموں کی طرف سے ان عناصر کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی جارہی۔ حکومت اور متعلقہ اداروں کو سنجیدگی سے اس مسئلے کا نوٹس لینا چاہیے اور نشہ کی لعنت پر قابو پانا چاہیے۔ (رافعہ خلیل، لاہور)