لوڈ شیڈنگ کم کرنے کی ہدایت ، حکومت بدلی عمران خان کی کیسٹ نہیں : مریم اورنگزیب 

Apr 28, 2022

اسلام آباد (خبرنگارخصوصی) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عمران خان سازش کا کاغذ اس لئے لہرا رہے ہیں کہ ان کی چار سالہ کارکردگی کا صفحہ خالی ہے۔ عمران خان کارکردگی کا صفحہ بھریں ورنہ پاکستان کے عوام اس طرح ان کا بلیک آئوٹ کرے گی کہ پاکستان کی تاریخ میں کبھی ان کا نام لینے والا کوئی نہیں ہوگا۔ عمران خان کی جھوٹ والی سیاست اب نہیں چلے گی۔ عمران خان شہباز شریف کے خدمت کے جذبے سے خوفزدہ ہیں۔ حکومت بدل گئی لیکن عمران خان کی کیسٹ نہیں بدلی۔ چیف الیکشن کمشنر سے استعفیٰ مانگنے والوں کو ترقی کی شرح منفی کرنے پر خود مستعفی ہونا چاہئے۔ گزشتہ حکومت کی نااہلی کی وجہ سے بجلی کے کارخانے بند پڑے تھے جن کی مرمت کا کام جاری ہے۔ وزیراعظم نے لوڈ شیڈنگ نہ کرنے کی ہدایات جاری کی ہیں۔ وزیراعظم نے نیشنل ایکشن پلان کا جائزہ لینے کی ہدایت کی ہے۔ سابقہ حکومت نے صحافیوں کو جبر اور تشدد کا نشانہ بنایا۔ بدھ کو یہاں وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ وزیراعظم کی زیر صدارت کابینہ کے اجلاس میں کراچی واقعہ کی شدید مذمت کی گئی۔ کابینہ نے سکیورٹی کی صورتحال کا دوبارہ جائزہ لینے کا فیصلہ کیا ہے۔  مختلف منصوبوں پر کام کرنے والے چین کے شہریوں کی سیکورٹی کا از سر نو جائزہ لیا جائے گا۔ چینی شہریوں کی فول پروف سکیورٹی کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔   نیشنل ایکشن پلان کا دوبارہ جائزہ لینے کے لئے وزیراعظم نے ہدایات جاری کر دی ہیں۔ وفاقی وزیر نے بتایا کہ کراچی واقعہ کی تحقیقات کا آغاز ہو چکا ہے، چینی سفارت خانہ کو  یقین دہانی کرائی گئی ہے تحقیقات جلد مکمل ہو جائیں گی،۔وزیراعظم نے نیکٹا کا اجلاس فوری طور پر بلانے اور نیشنل ایکشن پلان کا جائزہ لینے کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ  وفاقی کابینہ میں سول سرونٹ ڈائریکٹری (سروس سے ریٹائرمنٹ) سروس رول 22 کا جائزہ لیا گیا، اس سروس رولز کو بنانے کا مقصد صرف اور صرف افسران پر دبائو ڈالنا تھا،  کوئی  بھی ایسا قانون نہ بنے جو افسران کو نشانہ بنانے کے لئے استعمال کیا جائے۔ انہوں نے بتایا کہ سروس رولز پر نظرثانی کے لئے کابینہ کی کمیٹی تشکیل دی گئی ہے،  کمیٹی دو ہفتہ کے اندر اپنی رپورٹ کابینہ کو پیش کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ کابینہ نے ای او بی آئی کے چیئرمین شکرین منگریجو کی خدمات اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کے حوالے کرنے کی منظوری دی۔ کابینہ نے عاصم احمد کو بطور چیئرمین ایف بی آر تعینات کرنے کی منظوری دی۔ انہوں نے کہا کہ پچھلے چار سالوں میں دہشت گردی کے واقعات میں اضافہ ہوا، وزیراعظم  نے وزارت داخلہ کو ہدایت کی ہے کہ وہ نیشنل ایکشن پلان کا تمام صوبوں کے ساتھ مل کر جائزہ لیں اور نیشنل ایکشن پلان کے اندر تمام سٹیک ہولڈرز کو شامل کر کے نیکٹا کے ذریعے جامع پلان مرتب کیا جائے۔ انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم شہباز شریف کو  پاور ڈویژن اور پٹرولیم ڈویژن کی جانب سے بریفنگ دی گئی۔ انہوں نے کہا کہ جس وقت ہم نے حکومت سنبھالی اس وقت 27 بجلی کے کارخانے  بند تھے، ساڑھے پانچ ہزار میگاواٹ بجلی کی ترسیل نہیں ہو رہی تھی، مجموعی طور پر گیارہ ہزار میگاواٹ بجلی پاکستان کے عوام کو ترسیل نہیں کی جا رہی تھی، دو ہفتے کے اندر بند کارخانوں کی مرمت کر کے انہیں بحال کیا، اس وقت 27 میں سے صرف 7یونٹس رہ گئے ہیں جن کی مرمت کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں، وہ بھی جلد سسٹم میں بجلی کی پیداوار شروع کر دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ 7 مئی کے بعد ایندھن کا مسئلہ بھی حل ہو جائے گا۔ بجلی کے بند کارخانوں کی مرمت کا کام جاری ہے۔ وزیراعظم کی ہدایت ہے کہ یکم مئی کے بعد زیرو لوڈ شیڈنگ چاہئے۔  اس وقت سسٹم میں 500 سے 2000 میگاواٹ بجلی کا شارٹ فال ہے، پلانٹس کی مرمت اور فیول کی فراہمی کے بعد اس شارٹ فال پر بھی قابو پا لیا جائے گا۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ ڈیزل کی ذخیرہ اندوزی کے حوالے سے ہدایات جاری کر دی ہیں، عوام بالخصوص کسانوں کو ڈیزل کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔  عمران خان  نے چار سال حکومت میں رہتے ہوئے بھی اس نے الزامات لگائے، اپوزیشن کو سزائے موت کی چکیوں میں ڈالا، جہاں کرپشن کا کیس نہیں بنتا تھا وہاں ہیروئن کا کیس  بنایا، نیب اور ایف آئی اے کو استعمال کیا، سیاسی مخالفین کو بدبودار احتساب کا نشانہ بنایا۔  چار سال بعد ایک الزام بھی ثابت نہیں ہوا۔ انہوں نے کہا کہ وزارت اطلاعات ہمارے پاس ہے، ہم آپ کو ایک اچھا سپیچ رائٹر دیتے ہیں جو کم از کم یہ بتائے کہ آج پاکستان کے عوام مہنگائی،  بے روزگاری، معاشی تباہی کے سوالات پوچھ رہی ہے، اس کے جواب میں تقریر لکھیں انہوں نے کہا کہ جن پر کرپشن کا الزام لگا رہے ہیں  پاکستان کے عوام آج ان کی معاشی دہشت گردی کا خمیازہ بھگت رہے ہیں، آٹا، چینی، گیس، بجلی ان کی نالائقی کی وجہ سے مہنگی ہے۔ میڈیا ہائوس کو معاشی طور پر کنٹرول کیا گیا۔ ان کی غلاظت اور ان کا گند ہم صاف کر رہے ہیں۔  آج پیمرا آزاد ہے۔  انہوں نے کہا کہ جھوٹ بول کر اور لوگوں کی پگڑیاں اچھال کر سیاست نہیں کی جا سکتی، اپنی کارکردگی کو بہتر کر کے سیاست کرنا ہوگی۔  وہ سازش والا کاغذ اس لئے لہرایا جا رہا ہے کیونکہ کارکردگی کا صفحہ خالی ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ عمران خان نے دھرنے میں فارن فنڈنگ کے ذریعے ملک کے خلاف سازش کی کوشش کی، عمران خان نے کرسی پر مسلط رہ کر معاشی دہشت گردی کی، ملک کے غریب عوام کو مفلسی کا شکار کیا، کشمیر فروشی کی۔ انہوں نے کہا کہ گیس، آٹا، دوائی مہنگی کی، روٹی، آٹا، چینی عوام سے چھینا، ملک کو 43 ہزار ارب روپے کے قرضے تلے ڈبویا، مہنگائی کی شرح 16 فیصد تک پہنچائی، ترقی کی شرح منفی 4 فیصد پر رکھ کر کہتے ہیں کہ سازش ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ اس ملک کے خلاف کسی نے کرسی پر مسلط ہو کر سازش کی ہے تو اس کا نام عمران خان ہے۔ علاوہ ازیں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ آزادی اظہار رائے پر کسی قسم کی قدغن کے حق میں نہیں، اب نہ کوئی چینل بند ہوگا، نہ کوئی پروگرام اور نہ کوئی اخبار، ہم آزادی اظہار رائے پر کامل یقین رکھتے ہیں۔ فیک نیوز کے خاتمے کیلئے عملی کوششوں کی ضرورت ہے۔ وزیراعظم کے حالیہ دورہ سعودی عرب کے حوالے سے بھی فیک نیوز چلائی گئی، وزیراعظم کا دورہ سعودی عرب ذاتی خرچ پر ہو رہا ہے، صرف 13 ارکان وزیراعظم کے وفد میں شامل ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو یہاں سینٹ کی قائمہ کمیٹی برائے اطلاعات و نشریات کے اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے کیا۔ قائمہ کمیٹی کے اجلاس کی صدارت سینیٹر فیصل جاوید نے کی۔ اجلاس میں وفاقی وزیر اطلاعات کے علاوہ کمیٹی کے ارکان اور وزارت اطلاعات کے حکام نے شرکت کی۔ قائمہ کمیٹی نے مریم اورنگزیب کو وفاقی وزیر اطلاعات کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی۔
 اسلام آباد (خبرنگارخصوصی) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے وزیراعظم شہباز شریف کی دو ہفتہ کی کارکردگی کا جائزہ پیش کر دیا۔ آٹا، چینی، گھی کے ستائے عوام کو سستی اشیاء کی فراہمی شروع ہو چکی ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے چینی کی قیمت 85 روپے سے کم کر کے70 روپے،10 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت550  روپے سے کم کر کے400  روپے کر دی  تھی۔ بدھ کو اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ چار سال میں مہنگائی تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچا دی گئی تھی جس میں بتدریج کمی آنا شروع ہوگئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے دو ہفتوں میں وہ کام کئے جن کا عمران خان چار سال میں سوچ بھی نہیں پائے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے دو ہفتوں میں بجلی کے بند27  میں سے20  پیداواری یونٹس کو فعال کیا۔ بجلی کے کارخانے چلانے کے لئے تیل اور گیس کی فراہمی کیلئے ریکارڈ اقدامات اٹھائے گئے۔ انہوں نے کہا کہ چار سال سے بند اسلام آباد میٹرو کا منصوبہ چار دن میں شروع کیا۔ انہوں نے کہا کہ نیو اسلام آباد ہوائی اڈے سے میٹرو کو موٹر وے اور فیض آباد سے جوڑنے، بھارہ کہو اور روات تک توسیع دینے کی فزیبلٹی کی تیاری شروع ہو گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ موٹر وے پر میٹرو کا سٹیشن بنانے کا اقدام کیا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ دیامر بھاشا ڈیم پر کام کی رفتار بڑھائی، ڈیم کو 2029ء کی بجائے 2026ء میں مکمل کرنے کی نئی ڈیڈ لائن رکھی۔ مقامی آبادی کے لئے بہترین اور جدید علاج کے لئے ہسپتال کی فزیبلٹی تیار کرنے کا حکم دیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے خضدار، کچلاک شاہراہ کو دو سے چار رویہ اور پھر اگلے مرحلے میں چھ رویہ کرنے کے  لئے سیکشن 1 اور 2  کا سنگ بنیاد رکھا۔ اس کے علاوہ وزیراعظم نے بلوچستان کے نوجوانوں کو ہنر مند بنانے کے لئے پاکستان کی سب سے جدید ترین ٹیکنیکل یونیورسٹی کے منصوبے کا اعلان کیا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے راولپنڈی، اسلام آباد، لاہور، ملتان، کراچی کی طرح کوئٹہ میں بھی میٹرو سروس کی فزیبیلیٹی تیار کرنے کا حکم دیا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے بلوچستان کے غریب ترین پانچ لاکھ لوگوں کو بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام سے امداد دینے کا اعلان کیا۔

مزیدخبریں