عمران کو پارلیمنٹ نے باہر نکال پھینکا : مریم نواز ، عدالت کے بعد جیل کے دروازے بھی کھلیں گے : حمزہ شہباز 

Apr 28, 2022

لاہور (نیوز رپورٹر+ نوائے وقت رپورٹ) حمزہ شہباز نے کھوکھر پیلس میں کارکنوں سے خطاب میں کہا کہ ایوان اقبال میں ہارا ہوا عمران نیازی رو رہا تھا۔ عمران خان نے 4 سال نوکریوں کے جھوٹے خواب دکھائے۔ پچاس لاکھ گھروں کا جھوٹا وعدہ کیا۔ عمران خان نے کسانوں سے کھاد چھینی۔ عمران خان نے کہا تھا کہ آئی ایم ایف گیا تو خودکشی کر لوں گا۔ عمران خان نے نہیں غریب افراد نے خودکشی کی۔ عمران خان کو جھوٹے آنسوؤں کے پیچھے چھپنے نہیں دیں گے۔ ہم نے تلاشی دیدی اب عمران خان کی باری ہے۔ دوست ملک کے تحفے میں دی گھڑی بازار میں بیچ دی۔ ہائی کورٹ نے کہا کہ ایک ماہ سے پنجاب کا کوئی وارث نہیں۔ حلف کی باری آتی ہے تو صدر چھٹی پر اور گورنر بیمار ہو جاتے ہیں۔ یہ کھیل تماشا کب تک چلاؤ گے۔ سارا ٹبر بھی بیمار ہو جائے ن لیگ حکومت بنائے گی۔ عمران نیازی کو عوامی عدالت میں حساب دینا ہو گا۔ بھاگنے کا راستہ نہیں ملے گا۔ مسائل حل کرنے کے لئے دن رات کام کریں گے۔ پنجاب کے عوام کا وزیراعلیٰ نہیں خادم ہوں۔ سیاست کے میدان میں جھوٹ کا مقابلہ سچ سے کر کے دکھائیں گے۔ نیازی صاحب عدالت کے بعد جیل کا دروازہ بھی کھلے گا۔ پنجاب کے نو منتخب وزیر اعلیٰ میاں حمزہ شہباز نے ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا فرح گوگی نامی عورت دو سو کنال کوڑیوں کے بھاؤ لیتی اور اربوں میں بیچ دیتی ہے، آج روتے روتے عمران خان کہتا ہے مجھے بلیک آوٹ کیا جاتا ہے، میڈیا تقریر نہیں دکھاتا، اس کے دور میں میڈیا پر ظلم کے پہاڑ توڑے گئے شکر کرو پھر بھی میڈیا تمہاری خبر لگاتا ہے، ایک ماہ سے پنجاب کا کوئی والی وارث نہیں۔ انہوں نے کہا کہ گورنر سمیت سارا ٹبر بیمار ہو جائے حمزہ حکومت ضرور بنائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ آج ایوان اقبال میں ایک ہارا ہوا شخص جس کا نام عمران نیازی ہے رورہا تھا۔ انہوں نے کہا  عمران نیازی جہاں تم جلسہ کرو گے وہیں مریم نواز اور میں جلسہ کریں گے۔ پاکستان مسلم لیگ ن کی مرکزی نائب صدر مریم نواز نے کھوکھر پیلس میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کھوکھر برادران کی وفاداری کو سلام کرتی ہوں، پاکستان کی تاریخ میں پہلا وزیر اعظم ہے جسے ووٹوں سے نکال باہر پھینکا گیا، اس نے زندگی میں کبھی سچ نہیں بولا اب مزید جھوٹ بول رہا ہے، کہتا تھا آخری گیند تک لڑوں گا۔ وہ اس دن کریز پر آیا ہی نہیں اور غنڈوں کو بھیج دیا، عمران خان تمہارے لئے رات بارہ بجے عدالت اس لئے کھلی کہ تم نے آئین پر خودکش حملہ کیا تھا، جتنا مرضی حمزہ شہباز کا حلف آگے کرلو آج نہیں کل حلف اٹھا ہی لے گا، اللہ کی لاٹھی بے آواز ہے قوم تمہارا پیچھا کرے گی، سازشی خط کے ٹیں ٹیں سن کر کان پک گئے ہیں،اب یہ بائیس سال تک سازشی خط لے کر پھرتا رہے گا، توشہ خان خط چھوڑ کارکردگی دکھا ؤ۔ مریم نواز نے کہا وفا داری‘ جذبے کا نتیجہ ہے کہ عمران خان جیسے نااہل‘ نالائق سے جان چھوٹ گئی۔ نواز شریف نے عمران خان کی سیاست ختم کر دی ۔ 75 سال میں ملک کا پہلا وزیراعظم تھا جسے ووٹ کے ذریعے  اٹھا کر  پھر نکال دیا۔ نواز نے ابھی عمران خان کی حکومت ختم کی اب سیاست بھی ختم کریگا۔ ہمیں سناتا رہا کہ گھبرانا نہیں ہے اقتدار جانے پر دھاڑے مار مار کر رو رہا ہے۔ حربے ناکام ہو گئے تو جعلی خط اٹھا لیا۔ انہوں نے کہا عمران خان اداروں کو گالیاں دیتا ہے پھر کہتا ہے فوج کو  کچھ نہ کہو یہ دنیا کا پہلا پاگل ہے جو اداروں کے آئین کا ساتھ دینے پر رو رہا ہے۔ ادارے آئین کا ساتھ دے رہے ہیں تو اسے اتنی مرچیں کیوں  لگ رہی ہیں۔ عمران خان مان لو تمہارا سارا میچ فکسڈ تھا۔ عمران خان تمہاری دھونس پر اگلی تقرری کا فیصلہ نہیں ہوگا۔ سن لو اگلی تقرریوں کا فیصلہ میرٹ پر ہو گا۔ قبل ازیں مسلم لیگ ن کے قائدین مریم نواز اور حمزہ شہباز گزشتہ روز کھوکھر پیلس پہنچ گئے۔ کھوکھر برادران نے لیگی قائدین کا استقبال  کیا۔ مسلم لیگ ن کے ورکرز کی بڑی تعداد موقع پر موجود تھی۔ اس موقع پر آتشبازی کی گئی۔ دریں اثناء مریم نواز نے عمران خان کی سابق چیف جسٹس ثاقب نثار سے ملاقات پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ صادق و امین کے جھوٹے سرٹیفکیٹ لینے اور دینے والوں کی ملاقات ہوئی۔

مزیدخبریں