لاہور (نامہ نگار) شہر کے مختلف علاقوں میں ڈاکوئوں اور چوروں نے وارداتوں کے دوران متعدد شہریوں سے لاکھوں روپے مالیت کی نقدی، طلائی زیورات،موبائل فون، گاڑیاں، موٹر سائیکلیں اور دیگر سامان لوٹ لیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق ڈاکوؤں نے ستوکتلہ کے علاقے میں ماڈل ٹاون لائبریری کے سینئر لائبریرین طارق محمود احسن کے گھر گھس کر اہلخانہ کو گن پوائنٹ پر یرغمال بناکر 15 لاکھ 20 ہزار روپے مالیت کی نقدی، طلائی زیورات، موبائل فون اور دیگر سامان، جنوبی چھاؤنی کے علاقے میں شاہ رخ منہاس کے گھر میں گھس کر اس کی بیوی اور بچے کو یرغمال بنا کر 2 لاکھ 67 ہزار روپے مالیت کی نقدی اور موبائل فون،گلشن اقبال کے علاقے میں گن پوائنٹ پر آصف سے ڈھائی لاکھ روپے نقدی اور موبائل فون، ساندہ میں سرفراز اور اس کی فیملی کو گن پوائنٹ پر یرغمال بنا کر 2لاکھ 30 ہزار روپے مالیت کی نقدی، طلائی زیورات اورموبائل فون، سبزہ زار کے علاقے میں وسیم بٹ سے 88 ہزار روپے نقدی اور موبائل فون، رائیونڈ سٹی کے علاقے میں موٹر سائیکل سوار ڈاکو ؤں نے گھر کے باہر کھڑے اعجاز سے گن پوائنٹ پر 67 ہزار روپے نقدی اور موبائل فون، مصطفی ٹاؤن کے علاقے میں شیرازکی دکان میں گھس کر گن پوائنٹ پر 43 ہزار روپے نقدی اور موبائل فون، شاد باغ کے علاقے بھگت پورہ میں ملک جنید علی سے 27 ہزار روپے نقدی اور موبائل فون، شاہدرہ ٹائون کے علاقے میں یاسر سے 4 ہزار 7 سو روپے نقدی اور موبائل فون لوٹ لیا اور فرار ہوگئے ہیں۔ چوروں نے مناواں کے علاقے میں عمران زاہدکے گھر میں گھس کر تالے توڑ کے 62 لاکھ10ہزار روپے مالیت کی نقدی، طلائی زیورات، گھڑیاں، لیپ ٹاپ اور دیگر سامان چوری کر لیا ہے۔ چوروں نے اقبال ٹاؤ ن اور نواں کوٹ کے علاقوں سے2کاریں، لٹن روڈ کے علاقے سے رکشہ جبکہ بھاٹی گیٹ، مصری شاہ، شاہدرہ، کوٹ لکھپت ،کاہنہ، غالب مارکیٹ اور مانگا منڈی کے علاقوں سے7موٹر سائیکلیں چوری کر لی ہیں۔