قلعہ دیدارسنگھ(چوہدری حسیب پندھیر ) بدترین لوڈشیڈنگ روزہ دار بلبلا اٹھے،دوسرے علاقوں کی نسبت 6گھنٹے لوڈشیڈنگ زیادہ، مقامی منتخب نمائندے اور ٹکٹ ہولڈرز قلعہ دیدار سنگھ کے رہائشی نہ ہونے کی وجہ سے بھی خاموش تماشائی، علاقے کا کوئی والی وارث نہیں، سوتیلی ماں جیسا سلوک کیا جانے لگا۔شہری ’’ نوائے وقت‘‘سروے کے دوران پھٹ پڑے۔تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے لیکن قلعہ دیدار سنگھ اور گردونواح میں دوسرے علاقوں کی نسبت لوڈشیڈنگ 6گھنٹے زیادہ ہے ۔شہریوں کا کہنا تھا کہ ہمارے شہر کیساتھ سوتیلی ماں جیسا سلوک کیا جا رہا ہے شاید اس کی وجہ یہ ہے کہ قلعہ دیدارسنگھ کا کوئی والی وارث نہیں ،مقامی منتخب لیگی ایم این اے محمود بشیر ورک ، ایم پی اے حاجی امان اللہ وڑائچ اور تحریک انصاف کے ٹکٹ ہولڈر میاں طارق محمود بھی واپڈا کی جانب سے اس زیادتی پر خاموش تماشائی کا کردار ادا کر رہے ہیں شہریوں کا کہنا تھا کہ جہاں دوسرے علاقوں میں تین چار گھنٹے لوڈشیڈنگ ہورہی ہے تو ہمارے شہر میں زیادہ کیوں ہورہی ہے کیا ہم ٹیکس یا بل ادا نہیں کرتے دوسری جانب رات کو بجلی بند ہونے پر شہری نیند پوری نہ ہونے سے کافی اذیت میں مبتلا ہیں کیونکہ انہوں نے صبح اٹھ کر سحری کا اہتمام بھی کرنا ہوتا ہے ۔شہریوں نے مقامی منتخب نمائندوں سمیت حکام بالا سے اپیل کی ہے کہ خدارا قلعہ دیدار سنگھ سے سوتیلی ماں جیسا سلوک نہ کیا جائے ہمارے حقوق ہمیں برابر دئیے جائیں۔