لاہور(کامرس رپورٹر )پاکستان چائنہ جوائنٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے کراچی یونیورسٹی کے کنفیوشس انسٹی ٹیوٹ کے قریب خودکش بم دھماکے کی شدید مذمت کی ہے۔پاکستان چائنہ جوائنٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر وانگ زیہائی نے اس حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ کراچی یونیورسٹی کے کنفیوشس انسٹی ٹیوٹ کے قریب خودکش بم دھماکے میں تین چینی ٹیوٹر اور پاکستانی ڈرائیور موت کی نیند سلا دیئے گئے ، یہ واقعہ موجودہ حکومت کیلئے بڑا چیلنج ہے، انہوں نے کہا کہ مجرموں کو سخت سزا ملنی چاہیے۔پی سی جے سی سی آئی کے سینئر نائب صدر احسن چودھری نے متاثرین سے دلی تعزیت ، زخمیوں اور سوگوار خاندانوں سے اِظہار ِہمدردی کیا ہے۔ انہوں نے حکام پر زور دیا کہ وہ ’’نتیجہ سے نمٹنے‘‘اور ’’مقدمہ میں ملوث دہشت گرد تنظیموں کیخلاف پرعزم طریقے سے لڑیں۔‘‘انہوں نے اس واقعے کو ’’قابل مذمت‘‘اور پاک چین تعلقات پر ’’براہ راست حملہ‘‘ قرار دیا۔پی سی جے سی سی آئی کے سیکرٹری جنرل صلاح الدین حنیف نے کہا کہ فوری طور پر واقعہ کی مکمل تحقیقات کی جائے، قصورواروں کو گرفتار کرکے قانون کے مطابق سزا د یتے ہوئے چینی شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے اقدامات کیے جائیں۔
کراچی یونیورسٹی دھماکہ، پاک چین تعلقات پر براہ راست حملہ :پاکستان چائنہ چیمبر
Apr 28, 2022