لاہور( نمائندہ خصوصی) چیف سیکرٹری پنجاب کامران علی افضل نے کچھ اضلاع کے رمضان بازاروں میں چینی کی 70روپے فی کلو گرام کی قیمت سے زائد پر فروخت پر سخت برہمی کا اظہار کیا ہے اور ڈویژنل کمشنرز سے تفصیلی رپورٹ طلب کر لی ہے۔ سول سیکرٹریٹ میں ڈویژنل کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کے ویڈیو لنک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے چیف سیکرٹری نے کہا کہ رمضان بازاروں میں چینی کی 70روپے فی کلو کی قیمت پر دستیابی یقینی بنانے سے متعلق واضح ہدایات جاری کی گئیں تھیں، کچھ اضلاع کے افسران نے ہدایات پر عملدرآمد کے سلسلے میں ذمہ داری کا مظاہرہ نہیں کیا۔ انہوں نے تنبیہ کی کہ ہدایات پر ہر صورت عملدرآمد یقینی بنایا جائے، اس سلسلے میں کوتاہی ہر گز برداشت نہیں کی جائے گی۔چیف سیکرٹری نے کہا کہ ڈپٹی کمشنرز فیلڈ میں جا کر خود صورتحال کا جائزہ لیں، رمضان بازاروں میں چینی کی 70روپے فی کلو کی قیمت سے زائد پر فروخت کسی صورت قابل قبول نہیں۔انہوں نے کہا کہ عوام کوریلیف کی فراہمی کیلئے انتظامی افسران اپنے فرائض متحرک انداز میں سر انجام دیں۔چیف سیکرٹری نے کہا کہ عید کے دوران گندم، آٹے اور کھاد کی سمگلنگ کا خدشہ ہے، سمگلنگ کی روک تھام کیلئے اقدامات کو سخت کیا جائے۔