لاہور(خبرنگار)لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی نے عید الفطر کے موقع پر شہر کو صاف رکھنے کے لیے صفائی پلان جاری کر دیا ہے جس کے مطابق آپریشن ٹیمیں شہر بھر کی کمرشل مارکیٹس، جامع مساجد، عید گاہوں، اور قبرستان جانے والے راستوں پر خصوصی صفائی انتظامات کو یقینی بنائیں گی۔ سی ای او ایل ڈبلیو ایم سی رافعہ حیدر نے کہا ہے کہ عید پلان کے مطابق چاند رات پر شہر بھر کی کمرشل مارکیٹس میں خصوصی صفائی انتظامات کو یقینی بنایا جائے گا۔ آپریشن ٹیمیں صفائی کے حوالے سے جاری کردہ ایس او پیز پر عمل درآمد کو یقینی بنائیں گی۔ایل ڈبلیو ایم سی کی آپریشن ٹیمیں عید کے دنوں میں بھی تین شفٹوں میں کام کریں گی۔عید سے ایک روز قبل ہی شہر بھر میں زیرو ویسٹ آپریشن شروع کر دیا جائے گا۔نماز عید سے قبل شہر کی اہم سڑکوں، چوراہوں، پلوں اور انڈر پاسز کی صفائی ودھلائی کا عمل مکمل کر لیا جائے گا اور تمام مارکیٹوں اور بازاروں میں پانی کا چھڑکاؤ کیا جائے گاجبکہ تمام چھوٹی بڑی مساجد، عید گاہوں اور قبرستانوں کی جانب جانے والے راستوں پر پانی کا چھڑکاؤ کے ساتھ چونے سے مساجد اور قبرستان جانے والے راستوں کی زیبائش کی جائیگی۔