ہائیکورٹ نے فیفا نارملائزیشن کمیٹی کیخلاف اشفاق گروپ کی اپیل خارج کر دی

Apr 28, 2022

لاہور (سپورٹس رپورٹر)لاہور ہائیکورٹ نے فیفا نارملائزیشن کمیٹی کیخلاف اشفاق گروپ کی اپیل خارج کر دی۔ یاد رہے کہ سول کورٹ نے ایک حکم امتناعی کے تحت اشفاق گروپ کو پی ایف ایف بنک اکائونٹس کے استعمال سے روک دیا تھا، اشفاق گروپ کی سیشن کورٹ میں اپیل خارج ہوگئی تھی۔ اب لاہور ہائیکورٹ میں اپیل بھی مسترد ہوگئی،اشفاق گروپ نے نارملائزیشن کمیٹی کو بے دخل کرکے فٹبال ہائوس لاہور پر قبضہ جمایا تو فیفا نے پاکستان کی رکنیت معطل کردی،بعد ازاں صورتحال کی نزاکت کو سمجھتے ہوئے حکومتی اتھارٹیز نے اس عمارت کا کنٹرول اشفاق گروپ سے لے کر واپس فیفا نارملائزیشن کمیٹی کو دیدیا تھا، اس اقدام سے پاکستان کی معطلی ختم ہونے کی امیدیں روشن ہوئی ہیں مگر پی ایف ایف بنک اکائونٹس کا کنٹرول بھی دوبارہ فیفا این سی کو ملناضروری ہے۔ این سی چیئرمین ہارون ملک کا کہنا ہے کہ پاکستان میں ڈومیسٹک اور بین الاقوامی فٹبال سرگرمیوں کی جلد بحالی کیلئے بھرپور کوشش جاری رکھیں گے،یاد رہے کہ مدعی مقدمہ اور این سی رکن شاہد کھوکھر نے عدالت سے درخواست کی تھی کہ قومی نوعیت کے اس مقدمہ کی روزانہ کی بنیاد پر سماعت کی جائے جس کو منظور کرلیا گیا، روزانہ کی بنیاد پرسماعت کا سلسلہ جمعرات سے شروع ہورہا ہے۔

مزیدخبریں