اسلام آباد(نا مہ نگار)اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف سے سوئی نادرن گیس کے منیجنگ ڈائریکٹر نے پارلیمنٹ ہاؤس میں ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران عوامی مسائل کو ان کی دہلیز پر حل کرنے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔ اسپیکر نے کہا کہ ملک میں عوامی مسائل کو فوری حل کرنا موجود حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ سپیکر نے ایم ڈی ایس این جی پی ایل سے گفتگو کرتے ہوے کہا کہ اسلام آباد اور راولپنڈی کی مختلف یونین کونسلوں میں قدرتی گیس کی سپلائی، لوڈ شیدڈنگ ، کم پریشر جیسے مسائل کا سامنا ہے۔ اسپیکر قومی اسمبلی نے اپنے حلقے کی مختلف یونین کونسلوں اور علاقوں میں سوئی گیس کی لوڈ شیدڈنگ، کم پریشر اور سپلائی سے متعلق مسائل کو فوری طور پر حل کرنے کی ہدایت کی۔منیجنگ ڈائریکٹر ایس این جی پی ایل علی جاوید حمدانی نے اسپیکر قومی اسمبلی کو عوامی مسائل کو حل کرنے کا یقین دلایا ۔انہوں نے کہا کہ عوام کو درپیش مسائل گیس کی کمی کم پریشر، اور لوڈ شیڈنگ جیسے مسائل کو حل کرنے کے لیے ایس این جی پی ایل کی جانب سے تمام تر وسائل کو بروئے کار لایا جائے گا۔