پی ڈی ایم اپنے طے شدہ فیصلوں سے بیک آؤٹ کرگئی: حافظ حسین احمد 

Apr 28, 2022


اسلام آباد(خبر نگار) جمعیت علماء اسلام پاکستان کے سینئر رہنما حافظ حسین احمد نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم اپنے طے شدہ فیصلوں سے بیک آؤٹ کرگئی، عالمی اسٹیبلشمنٹ کی گٹھ جوڑ کے بعد زرداری نے تحریک عدم اعتماد لانے کا اپنا انفرادی فیصلہ پی ڈی ایم سے منوایا، فوری انتخابات کا مطالبہ کرنے والی پی ڈی ایم اب امپورٹڈ حکومت کو مزید چلانے کی بات کررہی ہے، امریکہ اپنا تمام حساب برابر کرکے چھوڑے گا بھیک کی صورت میں امداددیکر اڈے لے گا اور افغانستان پر حملے کرے گا۔ بدھ کے روز کراچی میں جمعیت علماء اسلام پاکستان کے سینئر رہنمااور دیگر سیاسی پارٹیوں کے اہم رہنماؤں سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم اپنے تمام طے شدہ اور اصولی طورپرکئے گئے فیصلوں سے نہ صرف بیک آوٹ کرگئی بلکہ استعفیٰ نہ دینے پر پیپلزپارٹی کو شوکاز نوٹس دیکر پی ڈی ایم سے نکال باہر کیاگیا لیکن زرداری نے انٹرنیشنل اسٹبلشمنٹ کے ساتھ گٹھ جوڑ کے بعد تحریک عدم اعتماد لانے کا اپنا انفرادی پارٹی حیثیت میں فیصلہ کر کے اسے شریف فیملی سے منوانے کے بعد مسلم لیگ ن کے ذریعے پی ڈی ایم سے اس پر انگوٹھا لگوا کر زرداری نے سب پر اپنے بھاری ہونے کا ثبوت دیدیا جس اسمبلی کو پی ڈی ایم ناجائز قرار دے چکی تھی سینیٹ اور ضمنی انتخابات میں حصہ نہ لینے کا دو ٹوک اور متفقہ فیصلہ کر چکی تھی تحریک عدم اعتماد لانے کے بارے بھی واضح طور نہ لانے کا حتمی فیصلہ کیا گیا۔

مزیدخبریں