پی ٹی آئی کا الیکشن کمشن پر دبائو،کرپشن،نااہلی چھپانے کا حربہ: خواجہ عمران نذیر

لاہور(نیوز رپورٹر )پاکستان مسلم لیگ ن لاہورکے جنرل سیکرٹری خواجہ عمران نذیر ارکان اسمبلی شائستہ پرویز ملک علی پرویز ملک اور سیکرٹری اطلاعات عامر خان سید توصیف شاہ سمیت دیگر نے تحریک انصاف کی طرف سے الیکشن کمشن پر دباؤ بڑھانے کیلئے احتجاجی مظاہروں کو کرپشن اورنااہلی چھپانے کا حربہ قرار دیا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ان کا یہ حربہ کسی صورت کامیاب نہیں ہوگا۔ عوام ان کی اصلیت کو جان گئے ہیں۔ عمران خان اقتدار سے علیحدگی کے بعد عوام کو جذباتی نعروں پر بیوقوف بنا رہے ہیں۔جس کا نقصان ملکی سلامتی اور جمہوری نظام کو ہوگا۔ پاکستانی معیشت کسی سیاسی اور آئینی بحران کی متحمل نہیں ہوسکتی۔ ملکی استحکام کیلئے آئین و قانون پر عملدرآمداور اداروں کا احترام ضروری ہے۔ الیکشن کمشن میں فارن فنڈنگ کیس طویل عرصے زیر سماعت ہے جسے عمران خان کبھی سپریم کورٹ،ہائی کورٹ اور کبھی الیکشن کمشن میں فیصلے کوملتوی کرواتے چلے آرہے ہیں اب جب عدالت نے ایک ماہ کے اندر فیصلے کا حکم دیا ہے تو اسلام آباد ہائیکورٹ سے حکم امتناعی حاصل کرلیا گیا ہے۔ عمران خان حیلے بہانوں کے باوجود فارن فنڈنگ کیس میں کی جانے والی کرپشن سے جان نہیں چھڑا سکتے۔ ان کا کہنا تھا کہ ریاستی اداروں پر دباؤ کے ذریعے فیصلے حاصل کرنے کی روش قابل مذمت ہے کہ اگر عدالتیں اور الیکشن کمیشن پی ٹی آئی کے حق میں فیصلے کریں تو ٹھیک اور اگر ان کی مخالفت میں کریں تو انہیں غدار اور جانبدار قرار دیا جاتا ہے، مگر عمران خان کو اپنے کرتوتوں کا حساب دینا ہوگا۔

ای پیپر دی نیشن