چا ئنہ کٹنگ کی لیز کس نے دی؟ سندھ ہائیکورٹ متعلقہ حکام پر بر ہم

Apr 28, 2022


کراچی (نیوز رپورٹر) غیرقانونی تعمیرات کے کیسز میں جواب جمع نہ کرانے پرعدالت نے ایس بی سی اے حکام پر اظہارِبرہمی کیا۔ تفصیلات کے مطابق سندھ ہائی کورٹ میں سماعت کے دوران عدالت نے ایس بی سی اے کے وکیل پربرہمی کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ کیا آپ کے پاس کوئی پڑھا لکھا افسرنہیں؟عدالت نے سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی حکام سے سوال کیا کہ آپ کے پاس جواب بنانے والا کوئی نہیں؟ کوئی جواب آتا ہے نہ کوئی افسر پیش ہوتا ہے۔سندھ ہائیکورٹ نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایس بی سی اے کچھ تو شرم کرے۔ 2019 کے کیسز میں بھی جوابات نہیں آرہے۔ آپ کے افسران کو بلا لیتے ہیں۔عدالت نے ایس بی سی اے حکام کو جوابات جمع کرانے کی ہدایت کرتے ہوئے تنبیہ کی کہ اگرجوابات نہ آئے تو افسران کو بلائیں گے۔دوسری طرف سندھ ہائیکورٹ میں گلستان جوہر بلاک تھری اے میں رفاعی پلاٹ پر چائنہ کٹنگ کے خلاف درخواست کی سماعت کے دوران عدالت نے کے ڈی اے حکام پر برہمی کا اظہار کیا۔جسٹس سید حسن اظہر رضوی نے کہا کہ اگرپلاٹنگ کی گئی تو مطلب پلانڈ چائنہ کٹنگ کی گئی۔ چائنہ کٹنگ کی لیزکس نے دی؟ یہ کیس تو نیب کا بنتا ہے۔کے ڈی اے حکام نے عدالت کو بتایا کہ کیس پہلے ہی نیب میں زیر سماعت ہے۔ایڈووکیٹ قائم علی میمن نے کہا کہ میرا کیس چائنہ کٹنگ ختم کرنے کا ہے۔ تھری اے، گلستان میں رفاعی پلاٹ کو اصل حالت میں بحال کیا جائے۔سندھ ہائی کورٹ نے کے ڈی اے حکام سے جامع جواب طلب کرلیا۔

مزیدخبریں