کراچی (نیوز رپورٹر) مجلس وحدت مسلمین کے صوبائی سیکرٹری جنرل علامہ باقر عباس زیدی نے
حالیہ دنوں میں فلسطین مسجد اقصٰی میں ہونے والی صہیونی جارحیت اور مسلسل ستر سالوں سے ظلم و بربریت کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے عالمی برادری اور مسلم امہ کے حکمرانوں سے مطالبہ کیا کہ وہ مسئلہ فلسطین کے منصفانہ حل کے لئے کوششوں کو تیز کریں۔ انہوں نے عرب دنیا کے اسرائیل کے ساتھ تعلقا ت کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ عرب ممالک کا اسرائیل کے ساتھ تعلقات قائم کرنا فلسطینی قوم اور عالم اسلام کے ساتھ بد ترین خیانت ہے جسے مسلم امہ کبھی معاف نہیں کرے گی۔مسئلہ فلسطین عالم اسلام کا سب سے اہم مسئلہ ہے۔انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک کے آخری جمعہ ستائیس رمضان کو جمعۃ الوداع یوم القدس منایا جائے گا۔ امام خمینی کے فرمان کے مطابق دنیا بھر کی طرح پاکستان بھر میں یوم القدس کے اجتماعات منعقد ہوں گے۔ ایم ڈبلیو ایم کی جانب سے سندھ بھر میں جمعتہ الوداع عالمی یوم القدس کے روز سندھ بھر کی تمام جامع مساجد میں خطباء حضرات مظلوم فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی اور عالمی دہشتگرد امریکہ و اسرائیل کے مظالم کے خلاف اپنے خطبہ جمعہ دیں گے۔اور بعد نماز جمعہ حتجاجی ریلیاں و مظاہرے منعقد کئے جائیں گے جبکہ کراچی میں مرکزی احتجاجی مظاہرہ بعد نماز جمعہ جامع مسجد نور ایمان ناظم آباد کے باہر ٹھیک 2 بجے دن کیا جائے گاجس میں مختلف مکاتب فکر کے علماء اور سیاسی شخصیات شریک ہوں گی۔