ایچ ڈی  اے اور واسا ملازمین کے مطالبات تسلیم نہ کرنے سزا عوام کومل رہی ہے‘ حیسکو کی نااہلی نے شہر کو تاریکی میں ڈبودیا‘ کاروبار متاثر


حیدرآباد (نامہ نگار) صوبائی حکومت اور حیسکوکی نا اہلی اور نا قص کارکردگی نے عوام کو مشکلات اور پریشانیوں سے دوچار کر دیا ہے۔ ایچ ڈے اے، واسا ملازمین کی ہڑتال کے باعث چھوٹی سڑکیں اور گلیاں ہی نہیں بلکہ سڑکیں   بھی پانی میں ڈوب گئیں ہیں،عوام مسلسل مسائل اور مشکلات کا شکار ہیں، شہر میں جگہ جگہ گندگی کے ڈھیر جمع ہیں، گٹرابل رہے ہیں ، شہری پینے کے پانی کی بوند بوند کو ترس رہے ہیں۔حکومت،وزیربلدیات اور ان کے ماتحت ادارے اور متعلقہ ذمہ داران زبانی جمع خرچ اور نمائشی اقدامات کے سوا کچھ کرنے پر تیار نہیں۔ انتظامیہ جلد از جلد ایچ ڈے اے ملازمین کے مسائل حل کر ے۔ امیر جماعت اسلامی ضلع حیدرآباد عقیل احمد خان نے کہا ہے کہ شہر سیوریج کے پانی سے ڈوبا ہوا ہے،گلی محلوں میں جگہ جگہ پانی جمع اور گندگی کے ڈھیر ماحولیاتی آلودگی کے ساتھ مختلف موذی امراض کو جنم دے رہے ہیں لیکن حکومت کی بے حسی ملازمین کے مسائل حل کرنے کے بجائے آنکھیں بند کیے بیٹھی ہے، شہر کے اکثر راستے گندے پانی کے تالاب میں تبدیل نظر آتے ہیں۔ گندہ پانی علاقہ مکینوں سمیت وہاں سے گزرنے والے شہریوں کے لیے وبال جان بن گیا ہے جبکہ سڑکیں بھی ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہوگئی ہیں۔ رمضان المبار ک کے مہینے میں بھی نماز کے اوقات میں مساجد کے باہر پانی کھڑا نظر آتا ہے،کاروباری مراکز گندے پانی میں ڈوبا ہواہے جس کے باعث تاجروں اور شہریوں بالخصوص خواتین، بچوں اور ضعیف افراد کو چلنے پھرنے میں شدید دشواری کا سامنا ہے، کئی دن گزر جانے کے باوجود سڑکو ںپر 
سیوریج کا گندہ پانی جمع ہے۔ شہرگندے پانی میں ڈوبا ہوا ہے لیکن حکومت اور متعلقہ محکموں کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگ رہی ہے۔ ملازمین اپنے جائز حق کا استعمال کرتے ہوئے شدید گرمی میں بھی حکومتی بے حسی کے خلاف احتجاج کرنے پر مجبور ہیں۔انتظامیہ ملازمین کے مسائل حل کرنے میں سنجیدہ نہیں دکھائی دیتی اور نہ ہی کوئی اقدام کیے جارہے ہیں،اگر ملازمین کے مسائل حل نہ ہوئے تو شہر گندے پانی میںمکمل ڈوب جائے گا۔ انھوں نے سندھ کے وزیر بلدیات سمیت اعلی حکام سے مطالبہ کیا کہ صفائی ستھرائی کی ابتر صورتحال کو بہتر کیا جائے اور ملازمین کے مسائل فوری طور پر حل کیے جائیں۔

ای پیپر دی نیشن