لندن(سپورٹس ڈیسک ) انگلش کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان جو روٹ کے مستعفیٰ ہونے کے بعد آل راؤنڈر بین اسٹوکس نے انگلینڈ کرکٹ ٹیم کی قیادت سنبھالنے پر رضامندی ظاہر کردی۔میڈیا رپورٹس کے مطابق انگلش کرکٹ بورڈ کے ڈائریکٹر روب کی سے بین اسٹوکس کی ملاقات ہوئی، جس میں انہوں نے بتایا کہ میں جیمز اینڈرسن اور اسٹورٹ براڈ کی سینئر جوڑی کو واپس اسکواڈ کا حصہ بنانا چاہتا ہوں۔انگلش کرکٹ ٹیم نے اسٹوراٹ براڈ اور جیمز اینڈرسن کو دورہ ویسٹ انڈیز اور ایشز سیریز میں خراب کارکردگی کے باعث ڈراپ کیا گیا تھا۔انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ نے نوکری کا اشتہار دیا ہے جس میں اس بات کی تصدیق کی گئی ہے کہ دو ہیڈ کوچز کی تقرری کی جائے گی، ایک ٹیسٹ کرکٹ کے لیے اور دوسرا محدود اوورز کے فارمیٹس میں انگلینڈ کی ٹیم کو درکار ہے۔نوکری کے اشتہار میں کہا گیا ہے کہ نئے ہیڈ کوچز قومی سلیکشن پینل کے ساتھ اپنے متعلقہ فارمیٹ کے لیے ٹیم کے انتخاب میں مرکزی کردار ادا کریں گے۔واضح رہے کہ انگلینڈ کے پاس اس سے قبل 2012 اور 2014 کے درمیان دو الگ الگ ہیڈ کوچ تھے، جن میں اینڈی فلاور ریڈ بال جبکہ ایشلے جائلز وائٹ بال سیریز میں ٹیم کی نمائندگی کررہے تھے۔