آج مجید نظامی کو ہم سے بچھڑے ہوئے آٹھ برس ہوگئے ہیں۔مجیدنظامی صاحب پاکستانی صحافت کا ایک ایسانام ہے جوہمیشہ جگمگاتارہے گا۔اُن کی شخصیت کو تین الفاظ میںبیان کیاجائے تو وہ محافظ پاکستان،عاشق رسول اور آزادکشمیر کی جدوجہد آزادی کے علمدار تھے۔اُن کی زندگی کا ایک ایک لمحہ اپنے مشن کے لیے وقف تھا،نہ دولت سے پیار اور نہ کُرسی کی طاقت کا شوق تھا۔ اپنی حیات کو بس اِسلام،نظریہ پاکستان اورجمہوریت کے لیے وقف کردیا ۔کام کام اور بس کام کی لگن کے ساتھ وہ نظریہ پاکستان کی سرحدوں کے امین رہے ۔ محترم مجید نظامی نے ایک جگہ یوںکہاکہ جب تک میںزندہ ہوںاِسلام ،نظریہ پاکستان اور جمہوریت کے لیے کوشاں رہوں گا۔وہ حقیقی جمہوریت اِس دیس میں دیکھنے کے خواب کے ساتھ زندہ رہے مگر جب ہر جمہوریت میںڈکٹیٹرشپ کی بُو اُن کو نظر آجاتی تو وہ سچ کا علم بلند کرتے ۔جابر حکمران کے سامنے حق کا کلمہ کہنے کو وہ جہاد سمجھتے تھے اور اِس نظریے پر مرتے دم تک قائم رہے۔جابر حکمرانوں کے ساتھ اُن کے مکالمے تاریخ کا حصہ بن گئے ۔نہ وہ فوجی حکمرانوں سے کبھی ڈرے اور نہ سول حکمرانوںسے ۔جو بُرا لگا ،دل کی بات زبان پر کہنے کا ہنر آتاتھا۔ کئی بار مزاحیہ انداز میں تاریخی جملے کہہ کر وہ حکمرانوںکو بہت کچھ سُنا دیتے تھے ۔تاریخی حقائق ،قیام پاکستان کی تحریک سے لے کر پاکستان کے قیام تک کس کا کیا کردار تھا اور بعد میںکس حکمران نے اِس مُلک کے ساتھ کیا اچھا کیا اور کیا بُرا کیا ،وہ سب کچھ اُن کی زندگی کی یاداشتوںمیں محفوظ تھا ۔ اپنی کتاب ’’جب تک میں زندہ ہوں‘‘ میں پاکستان کی تاریخ کے تلخ حقائق اور اپنی نظریاتی صحافتی جنگ کے بارے میں سچ لکھتے ہوئے اِس قومی فرض کونہایت خوش اسلوبی سے سِر اِنجام دیا اورتاریخی ورثہ کو نہایت ہی خوبصورت انداز میں بیان کیا۔ہم کتاب سے مجید نظامی کی حکمرانوںسے ملاقات اور گفتگو بیان کررہے ہیں۔کراچی میںصدرا یوب خان کے ساتھ پہلی ہی میٹنگ میںمدیران جرائد کو اِس طرح بٹھایا گیاجیسے کوئی کلاس روم ہوفیلڈ مارشل کا اندازگفتگوبھی کچھ ایسا ہی تھاآتے ہی کہنے لگے۔آپ حضرات جو کچھ کررہے ہیںاِس پر آپ کو شرم آنی چاہیے آپ اپنے گریبان میں مُنہ ڈال کردیکھیں۔مجیدنظامی صاحب سب سے کم عُمر مدیر تھے اپنے بڑے بھائی حمید نظامی کی وفات کے بعداخبار کی ذمہ داریاںایک مشن سمجھ کر سنبھالی تھیں۔مجیدنظامی نے فوراََ کھڑے ہوکر کہااگرجان کی امان پائوں تو کچھ عرض کرئوں؟ ایوب خان نے مسکرا کرکہاجان کی امان ہے آپ بتائیے ؟ محترم مجید نظامی نے کہاآپ مجھے بتائیے کہ مجھے کس بات پر شرم آنی چاہیے؟میںگریبان میںمُنہ ڈالتاہوں تو میراسَر فخرسے بلندہوجاتاہے!۔ایوب خان نے جواب دیا میرااشارہ آپ کی طرف نہیںتھا آپ بیٹھ جائیں۔اِس پرمجید نظامی نے کہا…پھر آپ کااشارہ جس کی طرف تھااِس کا نام لیجیے سب کوگریبان میںجھانکنے کا مت کہیے۔1965ء کے الیکشن کے دوران فیلڈ مارشل ایوب خان کے مقابلے میںمادرملت فاطمہ جناع کی حمایت میں مسقتل مزاجی کے ساتھ ڈٹے جانے والے مجید نظامی نے اپنے قائد سے وفاکے رشتے کو برقرار رکھا۔وہ اگر حکومت کوئی اچھے کام کرتی تو تعریف بھی کرتے تھے ،مخالفت برائے مخالفت کی پالیسی کاکبھی حصہ نہیںبنے۔سچائی کی کسوٹی پر ہی اِنصاف پسند ی ہی ہمیشہ اِن کا کسی بھی حکومت کی کارکردگی کا ناپنے کا پیمانہ رہا۔یہی وجہ ہے کہ ایوب خان دور میںدُوسری مرتبہ انڈیاکے ساتھ جنگ میں اُنھوںنے کُھل کر حکومت کے موقف کی حمایت کی۔جنرل ضیاالحق سے وہ اِنٹرویولینے گئے تو جنرل صاحب نے دوران گفتگوکہاآپ نے کوئی سوال نہیںکیا۔مجیدنظامی نے بڑی سادگی سے پوچھ ا’’ساڈی جان کدوچھڈوگے‘‘وہ ایک دبنگ ودلیر ایڈیٹر تھے جو حکمرانوں کے سامنے کلمہ حق کہتے رہے،دھیمے انداز میںگفتگو کا اندازِبیان میںوہ مقصدیت کی بات کہنے کا ہنر جانتے تھے۔اُصولوں کے اردگرد ایک مشن کے ساتھ نوائے وقت کی پہچان بنائی ۔ وہ ایک چلتا پھرتا پاکستان تھے ۔قائد اعظم ؒکے ایک عملی سپاہی تھے ۔اُن کے کردار ،گفتگو اور ہر عمل سے قائد اعظم و اِقبال ؒ کے اقوال کا عملی نمونہ جھلکتاتھا ۔اگرکوئی شخصیت دُنیا میںرول ماڈل کے طور پر پاکستانی کی پیش کرنی ہو تو ہمارے پاس مجید نظامی کی زندگی ہے۔کاش ہمارے حکمران اُن کے تجربات وبصیرت سے فائد ہ اُٹھاتے تو آج کاپاکستان بہت بہترہوتا۔نظریہ پاکستان ٹرسٹ کے پلیٹ فارم سے نظریہ پاکستان کے تشخص کے لیے کام کرتے رہے۔نظریاتی سکولوں کے ذریعے اُنھوںنے نئی نسل کی بھر پور سرپرستی کی ۔ وہ چاہتے تھے کہ نوجوان نسل کو مکمل طورپرنظریہ پاکستان سے آگہی ہو اور ہر جوان کو معلوم ہونا ضروری ہے کہ پاکستان کتنی مشکلوںسے کس مقصد کے لیے بنا تھا۔وہ سکولز ،کالجز کورس کے سلیبس میںنظریہ پاکستان کی تعلیم کے سلیبس کو شامل کرنے کی ضرورت پر زور دیتے تھے۔ ۔محسن پاکستان ڈاکٹر عبدالقدیر خان نے اِن کو محافظ نظریہ پاکستان کا خطاب دیا۔نشان پاکستان ،ستارہ پاکستان،ستارہ امتیاز اور ستارہ قائد اعظم سے حکومت نے نوازکر اِن
کی صحافتی خدمات کومانا۔ آل پاکستان نیوزپیپر سوسائٹی نے لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈدیا۔اِسلامیہ کالج گرائونڈ میںہونے والی تقریب میںلیاقت علی خان نے اِنھیںاعزازی شمشیر بھی عطاکی۔محترمہ فاطمہ جناع کے سپاہی کے طور پر اُن کی خدمات قوم کے لیے قابل فخرہیں۔تحریک پاکستان سے لے کر تحریک ختم نبوت،تحریک نظام مصطفی ہو یا تحریک تحفظ ناموس رسالت ،ہرموقع پر اِن کا کردار مثالی رہا۔نظریہ پاکستان ،مسئلہ آزاد کشمیر،محصورین بنگلہ دیش کی اخلاقی مدد،محسن پاکستان کی طویل اسیری کے دوران نوائے وقت کا کردار اُن کی پالیسیوں کے مرحون منت تھا۔ کوئی قومی ایشوہو ہر موقعہ پر وہ سُرخروہوئے ۔۔پاکستان کواٹیمی طاقت کرنے کے لیے اُس وقت کے وزیر اعظم نواز شریف کویوں مخاطب ہوئے ۔’’آپ نے دھماکہ نہ کیا تو قوم آپ کا دھماکہ کر دے ‘‘اور پھر دھماکہ ہوگیا۔بہت سارے لوگوں کا خیال تھا کہ ہوسکتاہے اُن کے جانے کے بعد نوائے وقت کی نظریاتی پالیسی و اُصولوںمیں لچک آجائے گی مگر اُن کی بیٹی رمیزہ نظامی نے اپنی زندگی اپنے بڑے باپ کے نقش قدم پر چلنے کے لیے وقف کردی اور آج بھی نوائے وقت کی پالیسی وہی ہے جس کاتعین مجید نظامی مرحوم نے کیاتھا ۔اُن کی ذات پاکستان کی سیاسی وصحافتی تاریخ کا وہ قابل فخرباب ہے جس پر پوری قوم اُن کی پچاس سالہ صحافتی زندگی پر اُن کو سلام پیش کرتی ہے ۔صحافت کے طالب علموں کے لیے اِس شعبے میں اِن کی حیات ایک رول ماڈل کی حیثیت رکھتی ہے ۔وہ اِن کے نظریے فکر اور قلم کی حُرمت کا سبق سیکھ سکتے ہیں۔صحافت عبادت ہے اگر اُصولوں وسچائی کے راستوں پر ہواورمجیدنظامی مرحوم ساری زندگی ہرلمحے اِس عبادت میںہی رہے ہیں ۔اورمجیدنظامی مرحوم نے یہ عبادت عُمر بھر زندگی کے ہر لمحہ میںکرکے اپنے آپ کو سُرخرو کیا ۔اور رب کو یہ عبادت اتنی پسند آئی کہ لیلتہ القدر کی بابرکت رات (25جولائی 2014ئ) کواپنے پاس بُلا لیا۔دُعاہے اللہ پاک اُن کو جنت میں اعلی ٰ مقام پرفائز کرئے۔آمین