عوامی مسلم لیگ کے سربراہ اورسابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ کراچی میں پاک چین دوستی پر حملہ سامراجی سازش کا نتیجہ ہے۔ چینی باشندوں کی جان اور مال کی حفاظت ہمارے مستقبل کے منصوبوں کی تکمیل کے لئے بہت ضروری ہے۔ ان خیالات کااظہار شیخ رشید احمد نے جمعرات کے روز ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ سامراجی طاقتیں نہیں چاہتیں کی عمران خان نے جن عظیم ڈیموں کا سلسلہ شروع کیا ہے وہ پایہ تکمیل تک پہنچے۔ اسے آپ سازش کہیں یا مداخلت، سامراج کا مقصد پاکستان کو چین سے دور کرنا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی قوم چین کی دوستی کو ہمالیہ سے بلند اور ہر موسم میں کام آنے والی دوستی سمجھتی ہے۔ شیخ رشید احمد نے کہا کہ پاکستان میں سامراج کی منصوبہ بندی سے آنے والی امپورٹڈ حکومت پاکستانی قوم کو چین سے دور نہیں کرسکتی کیونکہ پاکستان اور چین کی دوستی لازوال ہے۔ جبکہ شیخ رشید نے اپنے ٹویٹ کے ہمراہ پاکستان اور چین کے جھنڈے بھی شیئر کئے ہیں۔