پاکستان، سعودی عرب گہرے اور مضبوط بردارانہ تعلقات میں بندھے ہیں.وزیراعظم

Apr 28, 2022 | 22:56

ویب ڈیسک

وزیراعظم شہبازشریف نے کہا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب گہرے و پائیدار برادرانہ تعلقات میں منسلک ہیں جو باہمی اعتماد اور تعاون کی مضبوط بنیادوں پر مبنی ہیں۔جمعرات کے روز سعودی عرب کے تین روزہ سرکاری دورے پر روانگی سے قبل اپنے ویڈیو پیغام میں انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام خادم الحرمین الشریفین کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم ہر مشکل گھڑی میں پاکستان سے تعاون پر سعودی عرب کے نہایت مشکور ہیں۔ پاکستان بھی ہمیشہ سعودی عرب کے ساتھ کھڑا ہوا اور ہمیشہ اپنے سعودی بھائیوں کے شانہ بشانہ کھڑا رہے گا۔وزیراعظم نے کہا کہ وہ ہمارے کثیرجہتی پہلوؤں پر مبنی دوطرفہ تعاون کے جائزے اور ان خصوصی تعلقات کو نئی بلندیوں پر لے جانے کی غرض سے سعودی قیادت سے ملاقات کے منتظر ہیں۔ انہوں نے سعودی عرب میں مقیم پاکستانی سرمایہ کاروں کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا جنہوں نے ہمیشہ پاکستان کی معاشی ترقی میں بھرپور کردار ادا کیا۔شہبازشریف نے کہا کہ انہیں خوشی ہے کہ پاکستان کے وزیراعظم کا عہدہ سنبھالنے کے بعد سعودی عرب کا دورہ ان کا پہلا غیرملکی دورہ ہے۔ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ پاکستان سعودی عرب سے خصوصی تعلقات کو سب سے زیادہ اہمیت دیتا ہے جو تاریخی حیثیت رکھتے ہیں اور تذویراتی اہمیت کے حامل ہیں۔انہوں نے دورے کی دعوت دینے پر سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کا شکریہ بھی ادا کیا۔ وزیراعظم نے اپنے پیغام کے آخر میں پاکستان سعودی دوستی زندہ باد کا نعرہ لگایا۔

مزیدخبریں